تلنگانہ ریاست کے نئے ڈائرکٹر جنرل پولیس روی گپتا مقرر

   

انجنی کمار کی معطلی کے اندرون چند گھنٹے چیف سکریٹری کے احکامات
حیدرآباد۔ 3 ڈسمبر (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے ڈائرکٹر جنرل پولیس انجنی کمار کو معطل کئے جانے کے اندرون چند گھنٹے چیف سکریٹری نے ریاست کے سینئر آئی پی ایس عہدیدار روی گپتا کو ریاستی پولیس سربراہ کی زائد ذمہ داری دی ہے۔ 1990 آئی پی ایس بیاچ سے تعلق رکھنے والے روی گپتا موجودہ ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو ہیں اور وہ ڈائرکٹر جنرل ویجلنس انفورسمنٹ کی زائد ذمہ داری بھی رکھتے ہیں۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اے ریونت ریڈی سے ڈی جی پی انجنی کمار کی ملاقات کے اندرون چند گھنٹے الیکشن کمیشن آف انڈیا نے انہیں معطل کرتے ہوئے دیگر دو آئی پی ایس عہدیداروں کو وجہ نما نوٹس جاری کیا تھا اور چیف سکریٹری شانتی کمار کو اس عہدہ کے لئے مناسب عہدیدار کو فوری طور پر تقرر کرنے کی ہدایت دی تھی۔ روی گپتا جو تلنگانہ پولیس کے سینئر آئی پی ایس عہدیدار ہیں انہیں فوری طور پر ڈائرکٹر جنرل پولیس کی زائد ذمہ داری دے دی گئی ہے۔ اس احکام کے روی گپتا نے اپنے نئے عہدہ کا لکڑی کا پل کے دفتر میں جائزہ حاصل کرلیا۔