تلنگانہ ریونت ریڈی کی قیادت میں ترقی کی راہ پر گامزن

   

Ferty9 Clinic

عوام سے کئے گئے 4 وعدوں کی تکمیل ، صدر ضلع نرمل کانگریس کے سری ہری راؤ کی بات چیت

نرمل /29 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کانگریس کی تاریخ رہی ہے جو کہتی ہے وہ کردکھاتی ہے ۔ دس برس بعد ریاست تلنگانہ میں اقتدار سنبھالتے ہی کانگریس نے انتخابی وعدوں پر تیزی سے عمل شروع کرتے ہوئے عوام سے کئے گئے وعدوں بالخصوص چھ ضمانتوں پر عمل آوری کو یقینی بناتے ہوئے چار ضمانتوں پر عمل کرنا شروع کیا ۔ ریاست کے تمام طبقات کانگریس کے مختصر دور کی کارکردگی پر اطمیمان کا اظہار کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صدر ضلع نرمل کانگریس کے سری ہری راؤ نے آج مقامی دفتر سیاست نرمل میں سید جلیل ازہر سے ملاقات کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ ان کے ہمراہ پی راجیشور ریڈی زیڈ پی ٹی سی بھی موجود تھے ۔ مسٹر سری ہری راؤ نے بتایا کہ کانگریس اقتدار میں آتے ہی خواتین کیلئے بسوں میں مفت سفر کی سہولت کو یقینی بنایا جبکہ سارے تلنگانہ میں اس اسکیم نے کانگریس پارٹی کو زبردست مقبولیت بخشی ۔ ساری ریاست ہی نہیں سارا ملک جانا ہے کہ علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کانگریس کی دین ہے ۔ کانگریس نے اپنے سیاسی نقصان کی پرواہ کئے بغیر تلنگانہ ریاست تشکیل دی تھی تاہم تلنگانہ ریاست کو قرض کے دلدل میں سابق حکومت نے ڈال دیا ۔ آج وسائل کی کمی کے باوجود ریاستی وزیر اعلی ریونت ریڈی فلاحی اسکیمات کی عمل آوری اور عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کرتے ہوئے تلنگانہ ریاست کو ترقی کی سمت لے جارہے ہیں ۔ سرکاری ملازمتوں میں بھی بھرتی کیلئے بہت جلد عمل آوری شروع ہوگی ۔ دس سال سے تعلیم یافتہ نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لئے پھر رہے ہیں ۔ ٹی آر ایس نے بھی بے روزگاری کے خاتمہ کیلئے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا جبکہ تلنگانہ کی تشکیل کانگریس نے یہ سمجھ کر عمل میں لائی کہ اس علاقہ میں بے روزگاری کے خاتمہ کیلئے نوجوانوں کو سرکاری ملازمتیں فراہم ہوگی ۔ تلنگانہ کے عوام کی ترقی کو دیکھتے ہوئے دئے گئے تلنگانہ میں عوام کو نہیں صرف ایک خاندان کو فائدہ ہوا ہے ۔ بہت کم عرصہ میں وزیر اعلی ریونت ریڈی نے اپنی کارکردگی کے ذریعہ یہ ثابت کردیا کہ تلنگانہ کی حقیقی ترقی صرف اور صرف کانگریس پارٹی سے ہی ممکن ہے ۔