منشیات کو کنٹرول کرنے میں حیدرآباد پولیس کو عالمی اعزاز ، پولیس کمشنر کی چیف منسٹر سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 17 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے منشیات کو کنٹرول کرنے میں تلنگانہ کو ساری دنیا میں سرفہرست مقام ملنے پر مسرت کا اظہار کرکے کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند اور ان کے ٹیم کو مبارکباد دی ۔ چیف منسٹر نے سوشیل میڈیا کے پلیٹ فارم ’ ایکس ‘ پر اپنے ردعمل میں کہا کہ ڈرگس کو کنٹرول کرنے کے معاملے میں 138 ممالک میں تلنگانہ کو یہ اعزاز ملا ہے جس پر ریاست کے عوام کو فخر ہے ۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ کو منشیات سے پاک بنانے غیر معمولی خدمات انجام دینے والے پولیس ملازمین کی ستائش کی ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ تلنگانہ مختلف شعبوں میں دنیا کیلئے رول ماڈل بنیں ۔ میں ہر اس پولیس آفیسر کی حمایت کروں گا جو منشیات سے پاک تلنگانہ بنانے میں میرے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے محنت کررہا ہے ۔ سٹی پولیس کو ایک نادر اعزاز ملا ۔ حیدرآباد نارکوٹکس انفورسمنٹ ونگ کو منشیات کے خلاف لڑنے ، کنٹرول کرنے لوگوں میں شعور بیداری کے ساتھ متاثرین کی بحالی کیلئے کوششوں کیلئے باوقار ایوارڈ سے نوازا گیا ہے ۔ دوبئی کے پولیس آفیسرس کلب میں منعقدہ ورلڈ پولیس سمٹ میں انسداد نارکوٹکس میں ایکسی لینس کے موضوع پر پیش کیا گیا جس کو پولیس کمشنر سی وی آنند نے حاصل کیا ۔ دوبئی سے واپسی کے بعد پولیس کمشنر نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور تفصیلات سے واقف کرایا ۔۔ 2