مختلف شعبوں کے 3000 معززین کی شرکت ، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارک
حیدرآباد 6 دسمبر ( سیاست نیوز ) : ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارک نے کہاکہ حکومت کی جانب سے منعقد ہونے والی تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ ریاست کے مستقبل کا رخ متعین کرنے والا اہم پروگرام ثابت ہوگی ۔ آج شام سکریٹریٹ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ یہ سمٹ تلنگانہ کے طویل مدتی ترقیاتی ویژن کو عالمی سطح پر پیش کرنے کا بہترین موقع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی حکومت کا ویژن اور تیار کردہ دستاویز دنیا بھر کی توجہ اپنی جانب حاصل کرنے میں انتہائی کارآمد ثابت ہوگا ۔ بھٹی وکرامارک نے بتایا کہ سمٹ میں مختلف شعبوں کے ممتاز ملکی و غیر ملکی ماہرین کو مدعو کیا گیا ہے جب کہ انڈیگو بحران کا ذکر کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت کو امید ہے کہ فضائی خدمات کا مسئلہ جلد حل ہوجائے گا ۔ انہوں نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر سمٹ میں شرکت کرنے والے معزز مہمانوں کو کسی قسم کی سفری پریشانی ہوئی تو حکومت خصوصی طیاروں کا انتظام کرے گی ۔ تاکہ کسی بھی مہمان کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پرے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے مختلف ریاستوں کے چیف منسٹرس کو باضابطہ دعوت نامے بھی بھیج دئیے ہیں ۔ ریاستی وزراء نے خود جاکر چیف منسٹرس کو مدعو کیا ہے جس سے اس سمٹ کی اہمیت اور حکومت کی سنجیدگی واضح ہوتی ہے ۔ حکومت اس تقریب کو عالمی وقار کے ساتھ منعقد کررہی ہے تاکہ ریاست میں سرمایہ کاری بڑے پیمانے پر ہوسکے اور تلنگانہ کو بین الاقوامی سطح پر ایک مضبوط برانڈ کے طور پر پیش کیا جاسکے ۔ سمٹ کی تمام تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس عالمی پروگرام میں تقریبا 3000 قومی و بین الاقوامی معززین ، صنعتکار ، ٹکنالوجی کے ماہرین مختلف ریاستوں کے چیف منسٹرس ، مرکزی وزراء اور سفارت کار شرکت کریں گے ۔ اس سطح کا جامع اور شاندار عالمی اجلاس تلنگانہ میں پہلے کبھی منعقد نہیں ہوا اور یہ ریاست کو عالمی سرمایہ کاری کے نقشے میں نمایاں مقام دلانے میں اہم رول ادا کرے گا ۔ 2
تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ ایجنڈے کو قطعیت
ریاست کا مستقبل طئے کرنے عالمی روڈ میاپ تیار، اہم شخصیات کی شرکت
حیدرآباد ۔ 6 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ کے ایجنڈے کو حتمی شکل دے دی گئی جو پیر اور منگل کو فیوچرسٹی میں منعقد ہوگی۔ حکام نے بین الاقوامی اقتصادی سربراہی اجلاس کو عالمی معیار کے مطابق منعقد کرنے وسیع انتظامات کرلئے ہیں۔ دو روزہ کانفرنس میں جملہ 27 خصوصی سیشن رکھے گئے ہیں جن میں مختلف اہم موضوعات پر مباحث ہونگے جبکہ ہندوستان اور بیرون ممالک سے سیاسی، صنعتی، فلمی اور کھیلوں کی نامور شخصیات شرکت کریں گے۔ یہ عالمی سربراہی اجلاس 8 اور 9 ڈسمبر کو ضلع رنگاریڈی کے کنڈوکور منڈل کے میرخان پیٹ میں قائم ’فیوچرسٹی‘ کے 100 ایکڑ رقبے پر منعقد ہورہا ہے جہاں شہ نشین کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کیا جارہا ہے۔ 9 ڈسمبر کو شام میں تلنگانہ رائزنگ گلوبل دستاویز کی رسم اجرائی ہوگی جس میں حکومت کے 2047ء تک تلنگانہ کو 3 ٹریلین ڈالر معیشت بنانے کا روڈمیاپ رہیگا۔ اس موقع پر اولمپک گولڈ میڈلسٹ سیشن میں پی وی سندھو، انیل کمبلے، پی گوپی چند، گگن نارنگ و جوالہ گٹا شرکت کرینگی۔ تخلیقی سیشن میں نامور فلم پروڈیوسر راجامولی، فلم اسٹار رتیش دیشمکھ، سوکمار، گنیت مونگا اور انوپما چوپڑا شرکت کے ذریعہ تقریب کو مزید نمایاں بنائیں گے۔2