تلنگانہ سکریٹریٹ اور چیف منسٹر ریونت ریڈی کی سیکوریٹی میں فوری اثر کے ساتھ تبدیلی

   

بٹالین اسپیشل پولیس کا احتجاج ، انٹلی جنس رپورٹ پر اقدام ، چیف سکریٹری کے احکامات پر فوری عمل
حیدرآباد۔30 ۔اکٹوبر(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر تلنگانہ سیکریٹریٹ کے سیکیوریٹی انتظامات سے تلنگانہ بٹالین اسپیشل پولیس سے واپس لیتے ہوئے ان صیانتی امور کوتلنگانہ اسپیشل پروٹیکشن فورس کے حوالہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں ڈائریکٹر جنرل پولیس تلنگانہ ڈاکٹر جتیندر کی جانب سے احکام جاری کردیئے گئے ہیں اور تلنگانہ سیکریٹریٹ کی سیکیوریٹی پر مامور عملہ کو فوری طور پر ہٹاتے ہوئے ان امور کو اسپیشلپروٹیکشن فورس کے دستوں کے حوالہ کردیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے اس سلسلہ میں جاری کئے گئے جی او ایم ایس 227 میں کہاگیا ہے کہ سیکریٹریٹ میں پٹرولنگ‘ آمد و رفت کی نگرانی کے علاوہ انسداد سبوتاج کے لئے 4 خصوصی کمپنیوں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔ تلنگانہ میں جاری تلنگانہ بٹالین اسپیشل پولیس کے احتجاج اور ان کے افراد خاندان کی جانب سے عوامی مقامات پر احتجاج کے پیش نظر حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے اور 30 اکٹوبر سے سیکریٹریٹ کی سیکیوریٹی کے تمام امور کو اسپیشلپروٹیکشن فورس کے حوالہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تلنگانہ اسپیشل بٹالین پولیس کے احتجاج کو دیکھتے ہوئے چند یوم قبل انٹلیجنس کی اطلاعات کی بنیاد پر چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی سیکیوریٹی کے علاوہ ان کی قیامگاہ پر موجود تلنگانہ اسپیشل بٹالین پولیس کے اہلکاروں کو ہٹاتے ہوئے ان امور کو مسلح پولیس دستہ (سٹی آرمڈ ریزرو) کے حوالہ کرنے کے اقدامات کئے گئے تھے اور سیکریٹریٹ میں اضافی پولیس دستوں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی لیکن آج سیکریٹریٹ کے تمام سیکیوریٹی امور کو اسپیشل پروٹیکشن فورس کے حوالہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سیکریٹریٹ کی عمارت کی نگرانی اور صیانت کے انتظامات ان کے حوالہ کردیئے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق تلنگانہ اسپیشل بٹالین پولیس کے اہلکاروں کی جانب سے ایک ریاست ایک پولیس کا مطالبہ کرتے ہوئے کئے جا رہے احتجاج کے پیش نظر ریاستی حکومت نے انٹلیجنس اطلاعات اور خفیہ ایجنسیوں کی رپورٹس کی بنیاد پر سیکیوریٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد اہم فیصلہ کرتے ہوئے چیف منسٹر کی قیامگاہ سے تلنگانہ اسپیشل بٹالین پولیس کے عملہ کو ہٹایاگیا اور آج سیکریٹریٹ کے سیکیوریٹی امور کوتلنگانہ اسپیشل پروٹیکشن فورس کے حوالہ کرنے کا فیصلہ کیاگیا ۔چیف سیکریٹری حکومت تلنگانہ محترمہ شانتی کماری کی جانب سے جاری کئے گئے اس جی او پر فوری اثر کے ساتھ عمل آوری کے سلسلہ میں احکامات جاری کئے جاچکے ہیں۔3