تلنگانہ سکریٹریٹ حسین ساگر کے بفر زون میں تعمیر کیا گیا: راجندر

   

حکومت اور غریبوں میں انصاف کے دوہرے معیار پر تنقید
حیدرآباد ۔25۔ اکتوبر (سیاست نیوز) بی جے پی رکن پارلیمنٹ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ تلنگانہ سکریٹریٹ حسین ساگر کے بفر زون میں تعمیر کیا گیا ہے لیکن حکومت اس بارے میں خاموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے کے نام پر غریبوں کے مکانات منہدم کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ تلنگانہ سکریٹریٹ کے بفر زون میں تعمیر پر موقف واضح کریں۔ راجندر نے موسیٰ ندی سے متصل علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے راجندر نے کہا کہ سکریٹریٹ کے علاوہ جل وہار ، آئی میکس اور دیگر تعمیرات حسین ساگر کے بفر زون میں شامل ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ حکومت اور غریبوں کیلئے انصاف یکساں کیوں نہیں ہے۔ حکومت اگر بفر زون میں تعمیر کریں تو درست اور غریبوں کے مکانات غیر قانونی کیسے ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے کیلئے غریبوں کو بے گھر کرنے کی بی جے پی مخالفت کریگی ۔ راجندر نے کہا کہ تفصیلی پراجکٹ رپورٹ کی تیاری کے بغیر ہی غریبوں کے مکانات کی مارکنگ کرنا کہاں تک درست ہے ۔ راجندر نے واضح کیا کہ ان کی پارٹی موسی ریور فرنٹ پراجکٹ کے خلاف نہیں ہے بلکہ غریبوں کے مکانات کے انہدام کی مخالفت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں حسین ساگر کی صفائی کیلئے کسی بھی حکومت نے توجہ نہیں دی۔ 1