تلنگانہ سکریٹریٹ مقفل کر دیاگیا

   

تخلیہ کا عمل مکمل‘ مختلف عمارتوں کی چابیاں چیف سکریٹری کے حوالے
حیدرآباد۔29 ستمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ سیکریٹریٹ کو آج مقفل کردیا گیا‘ حکومت کی جانب سے سیکریٹریٹ کی عمارتوں کے انہدام اور ان کی جگہ نئی عمارت کی تعمیر کے فیصلہ کے بعد جاری تخلیہ کا عمل آج مکمل کرلیاگیا ۔تلنگانہ سیکریٹریٹ کی عمار ت کو مقفل کرتے ہوئے عہدیداروں نے آج مرکزی باب الداخلہ کے علاوہ مختلف عمارتوں کی کنجیاں چیف سیکریٹری تلنگانہ ڈاکٹر ایس کے جوشی کے حوالہ کردی گئیں ۔حکومت تلنگانہ نے موجودہ سیکریٹریٹ کی عمارت کے تخلیہ کیلئے 29 ستمبر تک کی مہلت فراہم کی گئی تھی جو کہ آج پوری ہو گئی ۔دونوں شہرو ںکی مختلف عمارتوں میں ریاستی وزراء اور محکمہ جات کو دفاتر فراہم کئے گئے ہیں ۔بتایاجاتا ہے کہ عدالت میں جاری مقدمہ میں فیصلہ کے ساتھ ہی حکومت کی جانب سے موجودہ سیکریٹریٹ کی عمارتو ںکے انہدام کا عمل شروع کیاجائے گا اور حکومت کی جانب سے تیار کردہ نئے منصوبہ کے مطابق عمارتوں کی تعمیر کا عمل شروع کردیا جائے گا لیکن عدالت کی جانب سے جاری کئے گئے حکم التواء اور جوں کے تو ں موقف کے سبب حکومت کی جانب سے سیکریٹریٹ کے تخلیہ کے باوجود بھی ان عمارتوں کو منہدم کرنے کے اقدامات نہیں کئے جاسکتے لیکن کہا جا رہاہے کہ حکومت کی جانب سے بہت جلد نئے سیکریٹریٹ کی تعمیر میں حائل رکاوٹوںکو دور کرلیاجائے گا۔ملازمین کی مختلف تنظیموں کے علاوہ ریاست کی سیاسی جماعتوں اور غیر سرکاری تنظیموں کی جانب سے بھی سیکریٹریٹ کی موجودہ عمارت کے انہدام کے خلاف عدالت میں درخواستیں زیر دوراں ہیں۔