سونیا گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر حکومت کا اقدام ، چیف منسٹر ، وزراء ، ارکان اسمبلی و کونسل کی شرکت
حیدرآباد۔9۔ڈسمبر۔(سیاست نیوز) چیف منسٹرتلنگانہ اے ریونت ریڈی نے آج مسز سونیا گاندھی کی سالگرہ اور تلنگانہ کی تشکیل کے اعلان کے موقع پر سیکریٹریٹ میں ’تلنگانہ تلی ‘ مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی ۔ تلنگانہ سیکریٹریٹ میں منعقدہ اس نقاب کشائی تقریب میں ڈپٹی چیف منسٹر و ریاستی وزیر فینانس مسٹر ملو بھٹی وکرمارک ریاستی وزراء کیپٹن این اتم کمار ریڈی ‘ مسٹر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ‘ مسٹر پی سرینواس ریڈی ‘ مسٹر پونم پربھاکر ‘ مسٹر ڈی سریدھر بابو ‘ مسٹر جوپلی کرشنا راؤ‘ مسٹر دامودر راج نرسمہا‘ محترمہ انوسویا سیتا اکا‘ محترمہ کونڈا سریکھا کے علاوہ اراکین پارلیمان ‘ اراکین اسمبلی ‘ اراکین قانون ساز کونسل ‘ صدورنشین کارپوریشن و کمیشن ‘ مشیران حکومت اوردیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ چیف منسٹر نے اس تقریب کے دوران تلنگانہ کے سرکاری ترانہ کی تیاری کرنے والے شاعر و گلوکار اندے سری کے علاوہ ’تلنگانہ تلی ‘ کا مجسمہ تیار کرنے والے آچاریہ رمنا ریڈی اور پروفیسر گنگا دھر کو تہنیت پیش کی۔ تلنگانہ میں کانگریس حکومت کے ایک سال کی تکمیل کے موقع پر جاری سیکریٹریٹ ‘ ٹینک بنڈ اور نکلس روڈ کے علاقہ میں تقاریب کے دوران آج ’تلنگانہ تلی ‘ مجسمہ کی نقاب کشائی کے بعد ڈرون شو اور لیزر شوکے علاوہ زبردست آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ تلنگانہ سیکریٹریٹ میں منعقدہ تقریب کے دوران لیزر شو کے ذریعہ آسمان پر حکومت تلنگانہ کے ایک سالہ دور اقتدار کے دوران شروع کی گئی اسکیمات کو پیش کیاگیا جس کا چیف منسٹر کے ہمراہ تقریب میں شریک افراد نے مشاہدہ کیا ۔ ڈرون شو کے ذریعہ خواتین کے لئے مفت بس خدمات‘ 500 روپئے میں گیاس سیلنڈر‘ 200یونٹ مفت برقی ‘ اندراماں اندولو‘ خواتین کو بااختیار بناتے ہوئے انہیں کروڑ پتی بنانے کے منصوبہ کے علاوہ آروگیہ شری اسکیم کے تحت علاج کی حد میں اضافہ کرتے ہوئے اسے 10 لاکھ تک کرنے ‘ 55ہزار 143 نوجوانوں کو ملازمتوں کی فراہمی ‘ اے آئی سٹی کے فروغ ‘ طلبہ کے لئے انٹگریٹیڈ اسکولوں کے قیام ‘ تمام شہریوں کے لئے صحت ‘ شہری ترقیات کے منصوبہ اور دیگر اسکیمات کو پیش کیا گیا جو کہ اس شو کا مشاہدہ کرنے والوں کو حیرت میں مبتلاء کرنے والا ثابت ہوا۔ اس ڈرون شو کے ذریعہ حکومت تلنگانہ نے کانگریس کی جانب سے انتخابات سے قبل اعلان کی گئی 6ضمانتوں کو پیش کیا اور آخر میں چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کا بھی عکس دکھایا گیا۔ تلنگانہ تلی کے مجسمہ کی نقاب کشائی کے بعد چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ 9 ڈسمبر 2024 تلنگانہ کی تاریخ میں سنہرے الفاظ میں لکھا جائے گا۔ انہو ںنے کہا کہ تلنگانہ کی تاریخ اور تہذیب کو کئی برسوں سے نظرانداز کیا جاتا رہا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تحریک تلنگانہ کے دوران شہریوں نے اپنی گاڑیوں پر TG تحریر کیا تھا لیکن ٹی آر ایس نے اقتدار حاصل کرنے کے بعد عوامی جذبات اور توقعات کو نظرانداز کرتے ہوئے اسے TSکردیا تھا لیکن کانگریس نے اقتدار میں آنے کے بعد عوامی توقعات اور خواہش کے مطابق TSکو TG میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہو ںنے بتایا کہ تحریک تلنگانہ کے دوران ’جئے جئے ہو تلنگانہ‘ کا نغمہ سنائی دیا تھا لیکن علحدہ ریاست کی تشکیل کے بعد اس نغمہ کو نظرانداز کیا گیا اور کانگریس نے اقتدار حاصل کرنے کے بعد اس نغمہ کو سرکاری ترانہ کا موقف دیا۔مسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ ایک سال کے دوران حکومت نے تلنگانہ کو بحران سے نکالتے ہوئے اسے ترقی کی راہ پر گامزن کرتے ہوئے اسے فلاح و بہبود کی ریاست میں تبدیل کرنے کا آغاز کردیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران شاعروں اور ادیبوں نے تحریک تلنگانہ میں جان پیدا کی لیکن سابقہ حکومت نے ان کی خدمات کا احترام نہیں کیا لیکن کانگریس نے یادگار شہیداں کی تعمیر کرنے والے یادگیری کو کانگریس حکومت نے 300 مربع گز زمین ‘ ایک کروڑ روپئے کا چیک دیا اور انہیں تہنیت پیش کی گئی ۔چیف منسٹر نے ریاست کے لئے اسے ایک یادگار دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت ہر سال اس دن تقاریب کا اہتمام کرے گی۔ڈپٹی چیف منسٹر و ریاستی وزیر فینانس مسٹر ملو بھٹی وکرمارک نے اس تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ ڈسمبر 9 کو ہی علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کی تیاریوں کا اعلان کیاگیا تھا اور پانی ‘ فنڈس کے علاوہ ملازمتوں کے لئے علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل عمل میں لائی گئی تھی لیکن 10 سال کے دوران اس خواب کو شرمندہ تعبیر نہیں کیا گیا اور تلنگانہ میں کانگریس کے اقتدار میں آنے کے بعد تلنگانہ عوام کی نئی ریاست سے توقعات کو پورا کیا جانے لگا ہے۔تلنگانہ عوام 9 سال بی آر ایس کے دور حکومت میں آمرانہ حکمرانی کا شکار رہے۔انہو ںنے بتایا کہ ریاست کو بی آر ایس نے نئی ریاست کو قرض میں مبتلاء کردیا اور 7 لاکھ کروڑ کا بوجھ عائد کیا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست میں کانگریس کے اقتدار میں آنے کے بعد معاشی اصولوں کے مطابق سابقہ قرض کی ادائیگی اور سود کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ مختلف اسکیمات پر عمل آوری کے ذریعہ عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کیاجا رہاہے ۔انہوں نے ڈائیٹ چارجس میں 40 فیصد اضافہ کے فیصلہ کا تذکرہ کیا اور کہا کہ حکومت نے کسانوں کے 21ہزار کروڑ روپئے کے قرض کو معاف کیا علاوہ ازیں خواتین کو آر ٹی سی میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کئے گئے ۔تلنگانہ تلی مجسمہ کی نقاب کشائی تقریب میں صدرنشین تلنگانہ قانون ساز کونسل مسٹر جی سکھیندر ریڈی ‘ اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی مسٹر جی پرساد کمار‘ رکن قانون ساز کونسل جناب عامر علی خان‘ صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ جناب سید عظمت اللہ حسینی ‘ صدرنشین تلنگانہ ریاستی اقلیتی کمیشن جناب طارق انصاری ‘ مئیر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد محترمہ جی وجیہ لکشمی کے علاوہ دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔3