تلنگانہ سکریٹریٹ میں ملازمین کی حاضری کیلئے چہرہ شناسی نظام متعارف

   

چیف سکریٹری کے احکامات، 22 نومبر سے عصری سسٹم میں رجسٹریشن کا آغاز
حیدرآباد۔/20 نومبر، ( سیاست نیوز) حکومت نے تلنگانہ سکریٹریٹ کے اسٹاف کی حاضری کو باقاعدہ بنانے کیلئے چہرہ شناسی نظام ( فیشیل ریکگنیشن سسٹم ) متعارف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے اس ضمن میں سرکولر جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے اسٹاف کی حاضری میں باقاعدگی اور صحیح اندراج کو یقینی بنانے کیلئے چہرہ شناسی نظام متعارف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عصری ٹکنالوجی کے اس سسٹم کے ذریعہ اسٹاف کے چہرہ کے فیچرس کے ذریعہ شناخت کی جائے گی اور ان کی حاضری درج ہوگی۔ ملازمین کو سکریٹریٹ پہنچنے پر مشین کے روبرو کھڑا رہنا ہوگا اور مقررہ مقام پر کھڑے ہوکر چند سیکنڈ تک کیمرہ کو دیکھنا ہوگا جس سے ان کے چہرے کی شناخت حاصل کرتے ہوئے مشین حاضری درج کرے گا۔ سرکولر میں کہا گیا ہے کہ داخلہ اور واپسی دونوں مواقع پر چہرہ شناسی سسٹم کے روبرو پیش ہونا پڑے گا۔ سرکولر کے مطابق سکریٹریٹ کے باقاعدہ ملازمین بشمول سرکولیٹنگ آفیسرس اور آؤٹ سورسنگ اسٹاف جن کی تنخواہ اور الاؤنسیس سکریٹریٹ کے محکمہ جات سے ادا کئے جاتے ہیں ان تمام کو اس سسٹم سے حاضری درج کرانی ہوگی۔ سسٹم پر عمل آوری کیلئے ملازمین اور آؤٹ سورسنگ اسٹاف کے رجسٹریشن کا 22 نومبر کو آغاز ہوگا۔ متعلقہ محکمہ جات میں موبائیل نمبر پر مسیج روانہ کرتے ہوئے رجسٹریشن کے سلاٹ، تاریخ اور وقت کی اطلاع دی جائے گی۔ تمام ریگولر اسٹاف کو رجسٹریشن کیلئے شناختی کارڈ اور گذشتہ ماہ کی پے سلپ کو ساتھ رکھنا ہوگا۔ آؤٹ سورسنگ اسٹاف کو شناختی کارڈ اور اس کی ایک کاپی ساتھ رکھنی ہوگی جو محکمہ کے عہدیدار کی جانب سے تصدیق شدہ ہو۔ چہرہ شناسی مشینیں تمام انٹری اور ایگزٹ پوائنٹس پر مناسب تعداد میں نصب کی جائیں گی اور ہر فلور پر لفٹ کے قریب اور متعلقہ ڈپارٹمنٹس کے قریب ایک، ایک مشین نصب کی جائے گی۔ سکریٹریٹ کے تمام محکمہ جات سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ چہرہ شناسی سسٹم کے بارے میں تمام آفیسرس اور اسٹاف کو واقف کرائیں اور ملازمین اور آؤٹ سورسنگ اسٹاف کے رجسٹریشن کو یقینی بنائیں۔1