تلنگانہ سکریٹریٹ کی نئی عمارت کو ڈاکٹر امبیڈکر سے موسوم کرنے کا اعلان

,

   

چیف منسٹر کے سی آر کا اہم فیصلہ ، پارلیمنٹ کی عمارت کو امبیڈکر سے موسوم کرنے وزیراعظم کو عنقریب مکتوب
قومی سیاسی پارٹی اور منوگوڑ ضمنی چناؤ سے قبل دلت سیاست

حیدرآباد ۔15 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) پارلیمنٹ کی نئی عمارت کو ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے نام سے موسوم کرنے کے مطالبہ کے بعد چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ سکریٹریٹ کی نئی عمارت کو دستور ہند کے معمار کے نام سے موسوم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر نے آج یہ اہم فیصلہ کرتے ہوئے چیف سکریٹری سومیش کمار کو اس سلسلہ میں ضروری کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ توقع ہے کہ چیف سکریٹری اس بارے میں سرکاری احکامات جاری کریں گے ۔ ملک بھر میں دلتوں کی تائید حاصل کرنے کیلئے سیاسی جماعتوں کے درمیان جاری مسابقت کے تحت چیف منسٹر کے سی آر کا یہ فیصلہ اہمیت کا حامل ہے۔ قومی سطح پر سیاسی پارٹی کے قیام کے اعلان اور منگوڑ ضمنی چناؤ سے عین قبل چیف منسٹر نے دلت طبقات کی ہمدردیاں حاصل کرنے کیلئے یہ فیصلہ کیا ہے۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے کہا کہ سکریٹریٹ کے نئے کامپلکس کو ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے نام سے موسوم کرنا تلنگانہ عوام کیلئے باعث فخر ہے ۔ یہ فیصلہ سارے ملک کیلئے ایک مثالی رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر نے ملک کے تمام طبقات کو مناسب مواقع فراہم کرنے کیلئے دستوری سازی کی اور تلنگانہ حکومت اسی جذبہ کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی ریاست کی تشکیل کے بعد کمزور اور پسماندہ طبقات کو سماجی ، سیاسی ، معاشی طور پر مستحکم کرنے کیلئے ڈاکٹر امبیڈکر کے نظریہ کے مطابق ریاستی حکومت اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دستور کی دفعہ 3 کے ذریعہ علحدہ تلنگانہ ریاست کا قیام عمل میں آیا اور ڈاکٹر امبیڈکر نے دستور میں یہ گنجائش فراہم کی جس کے نتیجہ میں نئی ریاستوں کا قیام ممکن ہوسکا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاستی حکومت ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے دستور کے مطابق ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی ، اقلیت اور خواتین کے علاوہ اعلیٰ طبقات میں غریب خاندانوں کی بھلائی کے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت اور وفاقی نظام کو مستحکم کرتے ہوئے تمام طبقات کے جائز حقوق کا تحفظ کیا جاسکتا ہے۔ تلنگانہ حکومت ہر شعبہ میں ڈاکٹر امبیڈکر کے نظریات کے مطابق پیش قدمی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام کو بلا لحاظ مذہب ، ذات پات اورعلاقہ واریت کے یکساں حقوق اور مواقع فراہم کرنا حقیقی معنوں میں ہندوستان کی تصویر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے سکریٹریٹ کی نئی عمارت کو ڈاکٹر بی آر امبیڈکر سے موسوم کرتے ہوئے ملک کے لئے ایک مثال قائم کی ہے۔ ملک کی نئی پارلیمنٹ کو ڈاکٹر امبیڈکر سے موسوم کرنے کے حق میں تلنگانہ اسمبلی میں متفقہ طور پر قرارداد منظور کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مطالبہ معمولی نہیں ہے بلکہ دنیا بھر میں ہندوستان کے وقار کو بلند کرنے میں یہ فیصلہ معاون ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی نئی عمارت کو ڈاکٹر امبیڈکر سے موسوم کرنے کیلئے وہ عنقریب وزیراعظم نریندر مودی کو مکتوب روانہ کریں گے ۔ چیف منسٹر نے پھر ایک مرتبہ مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پارلیمنٹ کی نئی عمارت کا نام ڈاکٹر امبیڈکر سے موسوم کیا جائے ۔ر