جشن کا ماحول،صبح سے دوپہر تک خصوصی پوجا، کے سی آر کو وزراء اور عوامی نمائندوں کی مبارکباد، وزراء نے اپنے چیمبرس سنبھال لئے
حیدرآباد۔/30اپریل، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر سے موسوم تلنگانہ کی عالیشان سکریٹریٹ عمارت کا آج مذہبی رسومات اور پوجا پاٹ کے درمیان افتتاح انجام دیا۔ تلنگانہ سکریٹریٹ ملک کی تمام ریاستوں میں اپنی نوعیت کا سب سے وسیع و عریض اور عصری سہولتوں سے آراستہ ہے جس کی تعمیر پر تقریباً 1200 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے۔ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد چیف منسٹر نے متحدہ آندھرا پردیش کے سکریٹریٹ میں سہولتوں کی کمی اور قدیم عمارتوں کے سبب منہدم کرتے ہوئے نئے سکریٹریٹ کا منصوبہ بنایا تھا۔ اپوزیشن کی مخالفت اور عدالت میں مقدمات کے باوجود کے سی آر نے اپنے منصوبہ کو ترک نہیں کیا اور ماہرین کی کمیٹی کے ذریعہ نئے سکریٹریٹ کا منصوبہ تیار کروایا۔ 27 جون 2019 کو کے سی آر نے نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا۔ عمارت کے ڈیزائن کی تیاری میں آرکیٹکٹ ڈاکٹر آسکر اور پونی کونسیو نے اہم رول ادا کیا۔ تعمیری کنٹراکٹ شاہ پور جی پالونجی اینڈ کمپنی پرائیویٹ لمیٹیڈ کو دیا گیا تھا۔ سکریٹریٹ کی نئی عمارت کے تعمیری کام کا جنوری 2021 میں آغاز ہوا۔ عمارت 77982 مربع فیٹ پر محیط ہے اور اس کی اونچائی 265 فیٹ ہے۔ نئے سکریٹریٹ کا مکمل رقبہ 28 ایکر ہے۔ سکریٹریٹ میں استعمال ہونے والی برقی کیلئے سولار پیانلس نصب کئے گئے ہیں۔ 26 ماہ کے ریکارڈ وقفہ میں عمارت کی تعمیر کو مکمل کرلیا گیا جبکہ عام طور پر ایسی عمارت کیلئے 5 سال درکار ہیں۔ سکریٹریٹ میں داخلہ کیلئے اسمارٹ کارڈز جاری کئے جائیں گے۔ 300سی سی ٹی وی کیمروں اور 300 پولیس اہلکاروں کی نگرانی میں یہ عمارت رہے گی۔ ستونوں کی تعمیر میں 6 ماہ مکمل ہوئے اور 3000 سے زائد ورکرس نے کام کیا۔ 1000 لاری سُرخ پتھر استعمال کیا گیا۔ 6 منزلہ سکریٹریٹ میں 635 کمرے ہیں اور 24 لفٹس لگائی گئی ہیں۔ عمارت کی چھٹویں منزل پر چیف منسٹر کے سی آر کا چیمبر الاٹ کیا گیا ہے۔ افتتاحی تقریب اگرچہ دوپہر 1:00 بجے مقرر تھی لیکن صبح 6 بجے سے ہی سکریٹریٹ کی عمارت میں یگنم اور پوجا پاٹ کا آغاز کردیا گیا۔ وزیر عمارات و شوارع پرشانت ریڈی نے اپنی شریک حیات کے ساتھ پوجا میں شرکت کی۔ سکریٹریٹ اور اس کے اطراف کے علاقے کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ یگنم اور پوجا کے بعد تقریباً 1:15 بجے دن چیف منسٹر کے سی آر کاروں کے قافلے کے ساتھ سکریٹریٹ پہنچے۔ مین باب الداخلہ پر وزیر عمارات و شوارع پرشانت ریڈی، چیف سکریٹری شانتی کماری اور ڈائرکٹر جنرل پولیس انجنی کمار نے استقبال کیا۔ چیف منسٹر پیدل چلتے ہوئے احاطہ میں تعمیر کردہ عارضی مندر پہنچے اور خصوصی پوجا میں حصہ لیا۔ وہاں سے کار کے ذریعہ چیف منسٹر سکریٹریٹ کی مین بلڈنگ پہنچے جہاں پولیس نے گارڈ آف آرنر پیش کیا اور چیف منسٹر نے افتتاحی تختی کی نقاب کشائی انجام دی اور رسمی طور پر ربن کاٹ کر عمارت کا افتتاح کیا۔ عمارت میں داخلے کے بعد بھی انہوں نے پوجا کی۔ چیف منسٹر کو بیاٹری کی گاڑی میں بٹھاکر عمارت کا معائنہ کرایا گیا۔ چھٹویں منزل پر واقع چیمبر میں داخلہ سے قبل چیف منسٹر نے خصوصی پوجا کی اور ٹھیک 1.29 بجے مہورت کے مطابق اپنی نشست پر براجمان ہوئے۔ ویدک پنڈتوں کے اشلوکوں کی گونج میں چیف منسٹر نے اپنا چیمبر سنبھالا۔ چیف منسٹر نے پنڈتوں سے پیر چھو کر آشیرواد حاصل کیا۔ بعد میں انہوں نے 6 مختلف فائیلوں پر دستخط کئے۔ ریاستی وزراء، اعلیٰ عہدیداروں، عوامی نمائندوں اور بی آر ایس قائدین نے کے سی آر کو مبارکباد پیش کی۔ بعد میں چیف منسٹر نے چیف سکریٹری شانتی کماری کے چیمبر پہنچ کر انہیں کرسی پر بٹھایا۔ اسی دوران ریاستی وزراء نے اپنے اپنے چیمبرس میں اپنی نشستیں سنبھال لیں۔ بعد میں چیف منسٹر نے سکریٹریٹ کے عہدیداروں اور ملازمین سے خطاب کیا۔ طئے شدہ مہورت کے مطابق افتتاحی تقریب انجام دی گئی۔ مہورت کے مطابق 1:00 بجے دن تا 1:58 بجے افتتاحی اُمور کو مکمل کرنا تھا۔ افتتاحی تقریب میں 2000 سے زائد اہم شخصیتوں نے شرکت کی۔ر