آبی تقسیم میں ناانصافی کیلئے کانگریس ذمہ دار، کے سی آر پر تنقید کی مذمت
حیدرآباد۔ 4 جنوری (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور کانگریس پارٹی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ آبی تقسیم کے معاملات میں تلنگانہ عوام کے ساتھ مسلسل دھوکہ دہی کی جارہی ہے۔ تلنگانہ بھون میں پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ کے ساتھ کئی دہوں تک ناانصافی کے لئے کانگریس قائدین کو پھانسی کی سزا دی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ کانگریس حکومت تمام شعبہ جات میں ناکام ہوچکی ہے۔ کے ٹی آر نے اسمبلی میں ریونت ریڈی کی تقریر کا حوالہ دیا اور کہا کہ قائد ایوان کے اہم ترین عہدہ کے وقار کو ریونت ریڈی نے مجروح کردیا ہے۔ بی آر ایس سربراہ کے سی آر کے خلاف غیر پارلیمانی الفاظ کے استعمال پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ بی آر ایس قائدین کئی زبانوں میں جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں لیکن وہ چیف منسٹر کی سطح تک گرنا نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے نہ صرف علیحدہ تلنگانہ ریاست حاصل کیا بلکہ خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کو سرسبز و شاداب علاقوں میں تبدیل کیا۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس کے بارے میں غلط معلومات کے ذریعہ چیف منسٹر کی اسمبلی میں کی گئی تقریر غرور اور تکبر کا اظہار کررہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر پراجکٹس کے بارے میں بنیادی معلومات سے محروم ہیں انہیں کرشنا اور گوداوری کے علیحدہ ٹریبونلس میں کوئی فرق دکھائی نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کی جانب سے کے سی آر اور ہریش راؤ کو پھانسی دیئے جانے سے متعلق تبصرہ پر برہمی کا ظہار کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ اگر تلنگانہ کو دھوکہ دینے کے لئے کسی کو سزا دینی ہو تو کانگریس قائدین کو کئی مرتبہ پھانسی دینی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی اور ریونت ریڈی نے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی، کسانوں کے قرض معافی اور بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات جیسے وعدے کئے تھے جن کی آج تک تکمیل نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس پر ہریش راؤ کی جانب سے پیش کردہ حقائق سے کانگریس خوفزدہ ہیں۔ 1