ریاست کے 13,014 دیہاتوں کا احاطہ
حیدرآباد :۔ ریاست تلنگانہ سے رام مندر کی تعمیر کے لیے 180 کروڑ روپئے کا چندہ وصول ہوا ہے ۔ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے لیے عطیات وصول کرنے کے لیے سری رام جنم بھومی مندر تعمیر ٹرسٹ کا قیام عمل میں لاتے ہوئے چندہ وصول کرنے کے لیے 45 دن خصوصی مہم چلائی گئی جس کے لیے تلنگانہ سے زبردست ردعمل وصول ہوا ہے ۔ آر ایس ایس تلنگانہ اسٹیٹ کے پرچارک دیویندر نے عوامی ردعمل پر مسرت کا اظہار کیا جب کہ سارے ملک سے رام مندر کی تعمیر کے لیے 2100 کروڑ روپئے کا چندہ وصول ہوا ہے ۔ وشوا ہندوپریشد سنٹرل کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ الوک کمار نے کہا کہ سارے ملک سے 45 دن کی خصوصی مہم کے دوران 1100 کروڑ روپئے کا چندہ وصول کرنے کا نشانہ مختص کیا گیا لیکن عوام اور مختلف شعبوں کی اہم شخصیتوں نے اس پر زبردست ردعمل کا اظہار کیا ہے جس سے 2100 کروڑ روپئے وصول ہوئے ہیں ۔ خصوصی مہم کی تکمیل پر بنجارہ ہلز کے ایک ہاسپٹل میں اظہار تشکر پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔ اس موقع پر تلنگانہ آر ایس ایس کے پرچارج دیویندر نے کہا کہ ابھی تک رام مندر کی تعمیر کے لیے آر ایس ایس اور وی ایچ پی کی جانب سے تحریک چلائی جارہی تھی لیکن اب سارا ہندو سماج رام مندر کی تعمیر میں حصہ دار بننے کے لیے بے چین ہے ۔ چندہ کی وصولی سے اس کا اندازہ ہوتا ہے ۔ خصوصی ابھیان کے جنرل سکریٹری بنڈاری رمیش نے اس پروگرام کے تعلق سے ایک رپورٹ پیش کی جس میں بتایا گیا کہ 45 روزہ خصوصی مہم کے دوران تلنگانہ کے 13,014 مواضعات کے 70,48,000 گھروں کا احاطہ کیا گیا ۔ گھر گھر پہونچکر چندہ وصول کیا گیا جس سے سارے تلنگانہ سے 180 کروڑ روپئے وصول ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی پروگرام کے اختتام سے جو کمیٹی تشکیل دی گئی تھی اس کو بھی تحلیل کردیا گیا ہے ۔۔