٭ دوکان ‘ آفس اور سواری کے دوران ماسک کا استعمال لازمی
٭ یکم جولائی سے تمام تعلیمی ادارے کھولنے کی اجازت
٭ لاک ڈاون سے متعلق دیگر تمام تحدیدات کی برخواستگی‘ ریاستی کابینہ کے فیصلے
حیدرآباد :۔ تلنگانہ میں اتوار 20 جون سے لاک ڈاون مکمل برخواست کردیا گیا ہے تاہم عوام کیلئے ماسک کے لزوم کو برقرار رکھا گیا ہے اور ماسک نہ لگانے پر 1000 روپئے چالان کا سلسلہ بھی جاری رہے گا ۔ چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں آج دوپہر پرگتی بھون میں کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا ۔ جس میں کورونا کی تازہ صورتحال اور دیگر امور پر تفصیلی غور کیا گیا ۔ ریاست میں کورونا کیسوں میں بڑی حد تک کمی ہوئی ۔ محکمہ صحت کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد ایک ریاست سے لاک ڈاؤن مکمل برخواست کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ لاک ڈاؤن میں نافذ کردہ تمام تحدیدات کو برخواست کردینے کی تمام محکمہ جات کو ہدایت دی گئی ہے ۔ کابینہ کے فیصلہ کا ریاست میں اتوار سے اطلاق ہوگا ۔ ملک بھر کے علاوہ پڑوسی ریاستوں میں کورونا کمی کے رجحان کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔ محکمہ صحت سے حکومت کو رپورٹ پیش کی گئی کہ ملک کی دیگر ریاستوں کی بہ نسبت تلنگانہ میں کورونا وبا پر تیزی سے کنٹرول کیا گیا ہے ۔ رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد مکمل طور پر لاک ڈاؤن برخواست کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ 19 جون تک ریاست میں شام 6 تا شام 6 بجے صبح لاک ڈاؤن نافذ ہے جس کو 20 جون سے مکمل برخواست کیا جارہا ہے ۔ ساتھ ہی تمام زمروں کے تعلیمی اداروں کی یکم جولائی سے کشادگی کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ کابینہ اجلاس میں کورونا صورتحال ، لاک ڈاون سے عام زندگی پر اثرات کا جائزہ لیا گیا اور معیشت کو مستحکم کرنے مکمل لاک ڈاؤن برخواست کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ لاک ڈاؤن کی وجہ سے غریب و متوسط طبقات کے افراد زیادہ متاثر ہوئے ہیں ان کے درپیش مسائل کا سنجیدگی سے جائزہ لینے کے بعد عوام کو راحت فراہم کرنے لاک ڈاؤن برخواست کردینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ کابینہ نے عوام سے اپیل کی کہ اس معاملے میں حکومت سے مکمل تعاون کریں اور کورونا کے رہنمایانہ اصول پر سختی سے عمل آوری کریں ۔ کورونا کی وبا ابھی پوری طرح ختم نہیں ہوئی ہے اور نہ ہی عوام کو غفلت اور لاپرواہی سے کام لینا چاہئے ۔ عام زندگی کو بحال کرنے حکومت نے جو فیصلہ کیا اس کا بیجا استعمال نہ کریں بلکہ کورونا کے قواعد پر سختی سے عمل آوری کریں ۔ ماسک کا استعمال کریں ۔ بھیڑ بھاڑ والے علاقوں میں نہ جائیں ۔ سماجی دوری برقرار رکھیں ۔ سنیٹائیزرس کا استعمال کریں ۔حکومت نے لاک ڈاون تو ختم کردیا ہے لیکن ماسک کے عدم استعمال پر 1000 روپئے جرمانہ برقرار رکھا ہے ۔دوکان ‘ دفتر یا سواری کے وقت ماسک کا استعمال لازمی رہے گا اور ماسک کے عدم استعمال پر جرمانہ عائد کیا جائیگا ۔ ریاست میں کورونا کی دوسری لہر شدت اختیار کرنے کے بعد حکومت نے ریاست میں پہلے 14 تا 20 مئی تک ریاست میں لاک ڈاؤن نافذ کرکے صبح 6 تا 10 بجے نرمی دی تھی ۔ اس کے بعد 21 مئی تا 31 مئی لاک ڈاؤن میں توسیع کرکے صبح 6 تا دوپہر ایک بجے لاک ڈاؤن میں نرمی دی تھی ۔ جون میں پھر لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ کیا گیا ۔ اس کے بعد پھر ایک مرتبہ لاک ڈاؤن میں 10 دن تک توسیع دے کر صبح 6 تا شام 6 بجے نرمی دی گئی تھی ۔لاک ڈاون کا یہ مرحلہ کل اتوار سے ختم ہوجائیگا ۔ حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ عام مقامات اور کام کرنے کے مقامات پر لازمی طورپر ماسک کا استعمال کریں ورنہ انہیں جرمانہ ادا کرنا پڑے گا ۔