تلنگانہ سے مہاراشٹرا کو 50 بسیں روک دی گئیں

   

متصل اضلاع میں کورونا کے بڑھتے اثر کے بعد حکام کا فیصلہ
حیدرآباد: پڑوسی ریاست مہاراشٹرا میں کورونا کی دوسری لہر کو دیکھتے ہوئے تلنگانہ آر ٹی سی نے 50 بسوں کی آمد و رفت روک دی ہے ۔ سارے ہندوستان میں مہاراشٹرا کورونا کا مرکز بنا ہوا ہے ۔ ملک میں جتنے نئے پازیٹیو کیس اور اموات ہورہی ہیں، اس کا نصف مہاراشٹرا میں درج ہورہے ہیں ۔ حالت کو بے قابو ہونے کے بعد مہاراشٹرا میں لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ۔ مہاراشٹرا کا اثر تلنگانہ کے متصل اضلاع پر پڑا ہے۔ لوگ مہاراشٹرا کا سفر کرنے سے ڈر رہے ہیں۔ آر ٹی سی بسوں میں سفر کرنے والوں کی تعداد 65 تا 70 فیصد سے گھٹ کر 40 فیصد تک پہنچ گئی ہے ۔ آمدنی گھٹنے سے عہدیداروں نے بسوں کی تعداد گھٹا دی ہے ۔ ریاست کے مختلف ڈپوز سے 131 بسیں مہاراشٹرا کو چلایا جاتا تھا جس میں 50 بسوں کی آمد و رفت کو روک دیا گیا ہے ۔ عہدیداروں کی جانب سے کریم نگر زون، عادل آباد زون ، نظام آباد زون اور حیدرآباد زون کی بسوں کو روک دیا گیا ہے ۔ کورونا کے بڑھتے ہوئے اثرات کو دیکھتے ہوئے آر ٹی سی ڈرائیورس اورکنڈاکٹرس مہاراشٹرا کا سفر کرنے سے خوفزدہ ہورہے تھے۔