تلنگانہ سے وعدوں و تیقنات کو ایوان میں اٹھایا جائے

,

   

پارلیمانی پارٹی اجلاس میں ٹی آر ایس ارکان پارلیمنٹ کو کے ٹی راما راو کی ہدایت

حیدرآباد 15 نومبر ( سیاست نیو ز ) تلنگانہ میں برسر اقتدار ٹی آر ایس کی جانب سے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں ریاست سے تنظیم جدید آندھرا پردیش میں کئے گئے وعدوں و تیقنات کو اٹھایا جائیگا جن میں آئی آئی ایم اور ایک اسٹیل فیکٹری کے قیام کا وعدہ بھی شامل ہے ۔ ٹی آر ایس پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا تلنگانہ راشٹر سمیتی پارلیمانی پارٹی اجلاس ریاستی وزیروکارگذار صدر ٹی آر ایس مسٹر کے ٹی راما راؤ کی صدار ت میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں 18نومبر سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے سلسلہ میں حکمت عملی تیار کرنے پر غور کیا گیا ۔ مسٹر کے ٹی راما راؤنے اجلا س کے دوران پارٹی ارکان لوک سبھا و راجیہ سبھا کو ہدایت دی کہ وہ ریاست کے مفادات کے تحفظ اور مرکزی حکومت کی جانب سے ریاست تلنگانہ کیلئے اعلانات پر عمل آوری کا مطالبہ کرنے کی حکمت عملی تیار کریں ۔ انہوں نے پارٹی ارکان پارلیمان کو ہدایت دی کہ وہ مرکزی حکومت کے اعلانات کو عملی جامہ پہنانے کے معاملہ میں ریاستی حکومت کی توجہ دہانی کو بھی ایوان میں پیش کریں اور ان امور کو تفصیل کے ساتھ ایوان میں پیش کیا جائے جن پر عدم عمل آوری کے سبب تلنگانہ کی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں پیدا ہونے لگی ہیں۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ کے سی آر حکومت کی جانب سے متعدد
امور کو مرکزی حکومت کے آگے پیش کیا گیا ہے اور کئی منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے فنڈس کی اجرائی کی درخواست بھی کی گئی ہے لیکن مرکزی حکومت کی جانب سے ریاست کے منصوبوں کو نظر انداز کرنے کی جو پالیسی اختیار کی گئی ہے اس کے سبب ریاستی حکومت کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور مرکزی اعانت سے چلائے جانے والی منصوبوں کو تکمیل کرنا دشوار ہوتا جا رہا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ اجلاس کے دوران کے ٹی آر نے تمام ارکان پارلیمان کو ریاست کے مفادات کے تحفظ کے ساتھ ریاستی حکومت کی نمائندگیوں کا تفصیلی جائزہ لینے کی بھی تاکید کی ہے۔ تلنگانہ راشٹر سمیتی پارلیمانی پارٹی کا یہ پہلا اجلاس ہے جس کی صدارت کے ٹی آر نے کارگذار صدر ٹی آر ایس کی حیثیت سے کی ہے۔بعدازاں مسٹر این ناگیشور راؤرکن پارلیمنٹ کھمم نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ٹی آر ایس پارلیمانی پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ 18 نومبر سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ سرمائی اجلاس میں عوامی مسائل ‘ ریاستی کی ترقی‘ تلنگانہ کے پراجکٹس کیلئے مرکزی امداد اور کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے جیسے موضوعات کو زیر بحث لائیگی اور کوشش کی جائیگی کہ مرکز کو ریاست میں نئے پراجکٹس کیلئے آمادہ کیا جاسکے ۔