تلنگانہ سے پانی کے مسئلہ پر ناانصافی کیلئے کے سی آر ذمہ دار

   

آندھرا پردیش کی درپردہ مدد، اتم کمار ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر تلنگانہ کا پانی غیر قانونی طور پر حاصل کرنے میں آندھرا پردیش حکومت کی مدد کررہے ہیں۔ رائلسیما لفٹ اریگیشن پراجکٹ کے ذریعہ تلنگانہ کا 6.3 ٹی ایم سی پانی آندھرا پردیش حاصل کرنے کی تیاری کررہا ہے۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کے سی آر نے پراجکٹ کیلئے ٹنڈرس کا عمل مکمل کرنے میں تعاون کیلئے مرکز کی جانب سے طلب کردہ اپیکس کونسل کا اجلاس ملتوی کرایا ہے۔ کابینہ کے اجلاس کا بہانہ بناکر وہ اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آندھرا پردیش پوتی ریڈی پاڈو پراجکٹ کی توسیع کا کام جاری رکھتا ہے تو چیف منسٹر کو عہدہ سے مستعفی ہونا چاہیئے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ پوتی ریڈی پاڈو کی توسیع اور رائلسیما لفٹ اریگیشن کے آغاز کے ذریعہ تلنگانہ سے سخت ناانصافی کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا کے دونوں پراجکٹس سے جنوبی تلنگانہ اور حیدرآباد بری طرح متاثرہوگا۔ حیدرآباد کو پینے کے پانی کی سربراہی پر اثر پڑے گا۔ کے سی آر نے ایک لاکھ کروڑ کا قرض مختلف بینکوں اور معاشی اداروں سے حاصل کرتے ہوئے کالیشورم پراجکٹ پر خرچ کیا تاکہ 2 ٹی ایم سی پانی حاصل کیا جاسکے۔ پراجکٹ سے تلنگانہ کو کوئی فائدہ نہیں ہے۔ کے سی آر اور وائی ایس جگن آپس میں دوست ہیں اور دوستی کے ناطے کے سی آر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔