حکومت کے مشیر راجیو شرما کا ایرپورٹ اتھاریٹی آف انڈیا کے صدر نشین کو مکتوب
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : حکومت کے مشیر راجیو شرما نے ایرپورٹ اتھاریٹی آف انڈیا صدر نشین سنجیو کمار کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے تلنگانہ کے 6 مقامات سے فی الحال 20 نشستوں پر مشتمل چھوٹے طیاروں کی سرگرمیاں شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ریاست کے 6 اضلاع عادل آباد ، پداپلی ، نظام آباد ، ورنگل ، محبوب نگر ، کتہ گوڑم ، بھدرا چلم میں علاقائی ایرپورٹس تعمیر کرنے کا حکومت نے فیصلہ کیا اور اس سلسلہ میں مرکزی حکومت سے کئی مرتبہ نمائندگیاں بھی کی گئیں ۔ وزیر شہری ہوا بازی جیوتر آدتیہ سندھیا کے حیدرآباد دورے کے موقع پر پرگتی بھون میں ہوئی خیر سگالی ملاقات میں بھی چیف منسٹر نے ان علاقائی ایرپورٹس کے قیام پر تبادلہ خیال کیا تھا ۔ حکومت کے مشیر نے اپنے مکتوب میں بتایا کہ پہلے اے ٹی آر طیارے چلانا ممکن نہ ہو تو کم از کم چھوٹے جہاز چلانے کی تیاری تو کریں ۔ سال 2019 میں ہی ان علاقائی ایرپورٹس کی تعمیرات کا جائزہ لینے کی اے اے آئی عہدیداروں کو ذمہ داری دی گئی تھی ۔ عہدیداروں نے تلنگانہ کے 6 اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے علاقائی ایرپورٹس کے تعمیرات کی منظوری دی تھی ۔ Q400 ، ATR-72 طرز کے طیارے چلانے کی گنجائش ہونے کی ریاستی حکومت کو گذشتہ سال ہی رپورٹ پیش کی تھی ۔ جس کے بعد کوئی پیشرفت نہ ہونے پر حکومت کے مشیر نے اے اے آئی کے صدر نشین کو مکتوب روانہ کیا ہے ۔۔ ن