لوک سبھا میں توجہ دہانی، تنظیم جدید قانون پر عمل آوری کا مطالبہ
حیدرآباد۔9 ۔ جولائی (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس کمیٹی اور رکن پارلیمنٹ نلگنڈہ اتم کمار ریڈی نے آج لوک سبھا میں تلنگانہ سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے سلسلہ میں مرکزی حکومت کی توجہ مبذول کرائی۔ زیرو اوور میں تلنگانہ کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تنظیم جدید قانون نے تلنگانہ کے ساتھ جو وعدے کئے گئے تھے ، ان کی آج تک تکمیل نہیں کی گئی۔ صدر جمہوریہ کے خطبہ اور وزیر فینانس کی بجٹ تقریر میں ان وعدوں کا کوئی تذکرہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے وقت قاضی پیٹ میں ریلوے کوچ فیکٹری ، بیارم اسٹیل فیاکٹری اور قبائلی یونیورسٹی کے قیام کا وعدہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے سوال کیا کہ گزشتہ سال قبائلی یونیورسٹی کے لئے ایک کروڑ روپئے مختص کئے گئے تھے اور جاریہ سال بھی ایک کروڑ کی گنجائش رکھی گئی ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا اس معمولی رقم سے قبائلی یونیورسٹی قائم کی جاسکتی ہے؟ اتم کمار ریڈی نے ایوان میں موجود وزیر داخلہ امیت شاہ کی توجہ مبذول کرائی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ امیت شاہ اس سلسلہ میں توجہ دیں کیونکہ تنظیم جدید قانون وزارت داخلہ کے تحت آتا ہے ۔ انہوں نے تلنگانہ اور آندھراپردیش کے ساتھ کئے گئے تمام وعدوں کی عاجلانہ تکمیل کا مطالبہ کیا ۔
