تلنگانہ سے 54مہاجر مزدور آبائی ریاست بہار کیلئے روانہ

   

حیدرآباد۔ تلنگانہ میں پھنسے ہوئے بہار سے تعلق رکھنے والے 54نقل مکانی کرنے والے مزدور تلنگانہ ہائی کورٹ کی مداخلت کے بعد بدھ کو اپنے آبائی مقامات کو بذریعہ ٹرین روانہ ہوگئے ۔ہائی کورٹ نے منگل کو ساوتھ سنٹرل ریلوے کو ہدایت دی تھی کہ وہ ان مزدوروں کے لئے معمول کے پاسنجر ٹرینوں میں نشستوں کا انتظام کرے کیونکہ اسپیشل شرامک ٹرینیں جو مفت خدمات انجام دے رہی تھیں کو ریاست میں روک دیاگیا ہے ۔ہائی کورٹ کے احکام کے بعد ساوتھ سنٹرل ریلوے نے ان مزدوروں کے لئے ایمرجنسی کوٹہ کے تحت نشستیں فراہم کیں۔ان کے ٹکٹس کے اخراجات تلنگانہ حکومت نے برداشت کئے ۔اس سلسلہ میں ایڈوکیٹ وسودھا ناگا راجن جو مہاجر مزدوروں کی بہبود کے لئے کام کرنے والے ورکنگ گروپ کا حصہ ہیں نے کہا کہ بدھ کو تلنگانہ سے 54مزدور بہار کے لئے روانہ ہوگئے ۔سکندرآباد ڈیویثرنل ریلوے منیجر (ڈی آرایم)نے ایمرجنسی کوٹہ کے تحت ان کے لئے نشستوں کا انتظام کیا اور ان کو محفوظ طورپر ان کی ریاست روانہ کردیا۔اگرچہ کہ شرامک ٹرینوں کی خدمات روک دی گئی ہیں تاہم کئی مہاجر مزدور جن میں اکثریت کا تعلق بہار سے ہے بغیر کسی رقم کے یہاں پھنسے ہوئے تھے اور وہ روزانہ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کے چکر لگارہے تھے ۔اس کا نوٹ لیتے ہوئے ہائی کورٹ نے قبل ازیں ساوتھ سنٹرل ریلوے کو ہدایت دی تھی کہ وہ ان مزدوروں کے لئے اضافی بوگی کا انتظام کرے ۔منگل کو عدالت یہ سن کر مایوسی کا اظہار کیا کہ اس کی ہدایت پر عمل نہیں کیا گیا۔عدالت نے ڈی آرایم کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر ان مہاجر مزدوروں کو واپس بھیجنے کا انتظام کرے ۔ساوتھ سنٹرل ریلوے نے عدالت سے کہا کہ وہ ایمرجنسی کوٹہ کے تحت مزید مہاجر مزدوروں کو بھیجنے کا انتظام کرے گا۔