45 قافلوں کی روانگی مکمل، آج آخری 2 قافلے روانہ ہوں گے
حیدرآباد۔/21 جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کے عازمین پر مشتمل 5 قافلے آج فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب روانہ ہوئے۔ تلنگانہ حج کمیٹی سے عازمین حج کی روانگی کا مرحلہ تقریباً مکمل ہوچکا ہے اور ابھی تک 45 قافلے سعودی عرب روانہ ہوچکے ہیں۔ کل 22 جون کو آخری 2 قافلوںکی روانگی عمل میں آئے گی۔ صدر آل انڈیا مسلم پرسنل بورڈ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے آج شام عازمین حج کے قافلہ کو وداع کیا۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد سلیم کے علاوہ حج کمیٹی کے ارکان اور عہدیدار اس موقع پر موجود تھے۔ عازمین سے خطاب کرتے ہوئے مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے مناسک حج و عمرہ بیان کئے اور کہا کہ سعودی عرب میں قیام کے دوران عبادات پر توجہ مرکوز کریں۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں حاضری کے آداب کو ملحوظ رکھا جائے۔ ایام حج کے دوران دعا کی قبولیت کی کافی اہمیت ہے لہذا عازمین حج کو اس موقع سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے دعاؤں کا اہتمام کرنا چاہیئے۔ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے کہا کہ حج کی سعادت یقینا خوش قسمتی ہے۔ اس موقع پرصدر نشین حج کمیٹی نے مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر منتخب ہونے پر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کو تہنیت پیش کی۔صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم نے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ وہ موسم گرما کے پیش نظر سعودی عرب میں غذا اور مشروبات کا احتیاط سے استعمال کریں۔ تلنگانہ حج کمیٹی سے جملہ 46 قافلے روانہ ہونے والے تھے لیکن ویٹنگ لسٹ کے عازمین کیلئے اضافی فلائیٹ الاٹ کی گئی اور آج 5 قافلوں کی روانگی عمل میں آئی۔ تلنگانہ سے تاحال 6750 عازمین سعودی عرب روانہ ہوچکے ہیں۔ کل آخری دو قافلے دوپہر 2:45 بجے اور رات 9 بجے روانہ ہوں گے۔ آج دن میں عازمین حج کے قافلوں کی روانگی کے موقع پر ارکان اسمبلی جعفر حسین معراج اور احمد پاشاہ قادری نے شرکت کی اور عازمین سے خطاب کیا۔ اسی دوران ویٹنگ لسٹ کے 22 عازمین کی بنگلور سے روانگی عمل میں آرہی ہے۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے عازمین اور ان کے لگیج کی روانگی کا انتظام کیا اور کرناٹک حج کمیٹی روانگی کے اقدامات کرے گی۔ر