حیدرآباد/28اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے منتخب عازمین حج کیلئے ریاست میں ٹیکہ اندازی کا کل 29 اپریل سے آغاز ہوگا۔ ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ ہاسپٹل میں ٹیکہ اندازی کی سہولت ہے۔ تمام ایام کار میں یہ سہولت رہیگی۔ ضلع حج کمیٹیاں و رضاکارانہ تنظیمیں، مقامی محکمہ صحت کے عملہ سے بہتر تال میل کے ذریعہ ٹیکہ اندازی کیمپ کے انتظامات کرینگے۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے عازمین کیلئے خیریت آباد گورنمنٹ ہاسپٹل، ملک پیٹ گورنمنٹ ہاسپٹل، نامپلی گورنمنٹ ہاسپٹل، کنگ کوٹھی گورنمنٹ ہاسپٹل، گولکنڈہ ہاسپٹل اور کمیونٹی ہیلت سنٹر امیر پیٹ میں ٹیکہ اندازی کی سہولت رہیگی۔ دونوں شہروں کے عازمین حج کو مرحلہ وار ٹیکہ اندازی کیلئے مدعو کیا جائیگا اور کور نمبر کے اعتبار سے انہیں اطلاع دی جائے گی۔ عازمین حج صبح 10:30 تا شام 4 بجے اس سہولت سے استفادہ کرسکتے ہیں۔1