تلنگانہ عازمین حج کیلئے پہلے تربیتی کیمپ کا انعقاد

   

عازمین حج زیادہ تر وقت عبادتوں میں صرف کریں، جناب محمد سلیم اور علمائے کرام کا خطاب

حیدرآباد۔/9 اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے حج 2023 کے منتخب عازمین کیلئے آج پہلا تربیتی کیمپ جامع مسجد عالیہ، گن فاؤنڈری میں منعقد ہوا۔ علمائے کرام نے حج کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے مناسک حج اور مقامات مقدسہ کی زیارت سے متعلق تفصیلات سے واقف کرایا اور کہا کہ ایام حج کے دوران زیادہ تر وقت عبادات اور اذکار میں صرف کیا جائے۔ عازمین حج کو مشورہ دیا گیا کہ وہ خود کو موبائیل فون اور سوشیل میڈیا کی سرگرمیوں سے دور رکھیں تاکہ عبادات میں کوئی خلل نہ ہو۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب محمد سلیم نے کہا کہ ایام حج کے دوران اللہ تعالیٰ کی جانب سے صبر کا امتحان لیا جاتا ہے۔ عازمین حج کو چاہیئے کہ وہ ہر مقام پر صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور بے چینی اور جھگڑے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ عازمین دراصل اللہ کے مہمان ہوتے ہیں اور اللہ تعالیٰ ہی ان کے انتظامات کرتا ہے۔ جناب محمد سلیم نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں اپنے آپ اور رشتہ داروں کے علاوہ تلنگانہ کیلئے خصوصی دعاؤں کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ حج سے واپسی کے بعد حجاج کرام کو مثالی زندگی بسر کرنی چاہیئے جو دوسروں کیلئے نمونہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ شریعت پر مکمل عمل آوری کے ذریعہ دوسروں کو حج کی ترغیب دی جاسکتی ہے۔ محمد سلیم نے بتایا کہ ہندوستان سے اس مرتبہ 1.75 لاکھ عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے اور حکومت سعودی عرب کی جانب سے غیر معمولی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ ہندوستانی عازمین حج کی قیامگاہوں کو حرمین سے قریب رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ منورہ میں 40 نمازوں کی پابندی ضروری ہے۔ عازمین زیادہ تر وقت عبادتوں میں مشغول رہیں اور دنیا کی کوئی فکر نہ کریں۔ احرام میں تلبیہہ کی کثرت ہونی چاہیئے۔ حرمین میں ویڈیو گرافی، فوٹو گرافی، سوشیل میڈیا کے استعمال اور فون پر بات چیت سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حج کمیٹی گذشتہ برسوں کی طرح موثر انتظامات کررہی ہے اور حکومت کا مکمل تعاون حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایر پورٹ پر خصوصی ٹرمنل کا انتظام کیا جارہا ہے۔ محمد سلیم نے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ وہ کسی بھی مسئلہ کے حل کیلئے حج کمیٹی حکام سے رجوع ہوں۔ جناب محمد سلیم نے کہا کہ میں اگرچہ صدرنشین ہوں لیکن ایک خادم کی طرح عازمین کی خدمت اپنا فریضہ سمجھتا ہوں۔ گذشتہ 25 برسوں سے میں یہ کام انجام دے رہا ہوں۔ حیدرآباد کے بیگم پیٹ ایرپورٹ سے جب پہلی حج فلائیٹ کا آغاز ہوا تھا اس وقت میں وقف بورڈ کا صدرنشین تھا۔ مولانا مفتی حسام الدین قاسمی، مولانا مفتی امجد قاسمی نے مناسک حج کی تفصیلات بیان کیں۔ اسسٹنٹ ایگزیکیٹو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی عرفان شریف نے ضروری امور سے واقف کرایا۔ر