انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ پر سیاسی قائدین کی عدم شرکت
حیدرآباد۔11جنوری(سیاست نیوز) ریاستی حج کمیٹی کے عازمین کے انتخاب کے لئے 12جنوری کو صبح 11:30 بجے حج ہاؤز میں آن لائن قرعہ اندازی انجام دی جائے گی اور اس قرعہ اندازی کی راست نگرانی مرکزی حج کمیٹی کرے گی۔ ریاستی حج کمیٹی کے ایکزیکیٹیو آفیسر و سکریٹری ڈاکٹر ایس اے شکور کی نگرانی میں عازمین حج کی قرعہ اندازی عمل میں آئے گی اوراس تقریب کا سادگی کے ساتھ اہتمام کیا جائے گا کیونکہ ریاست میں گرام پنچایت انتخابات کے سلسلہ میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہے جس کے سبب سیاسی قائدین اس تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔ تقریب کے دوران ریاست تلنگانہ کے جملہ 4,169 عازمین کے کوٹہ کیلئے قرعہ اندازی کی جائے گی جبکہ اس کوٹہ میں 484 نشستیں 70سال سے زائد عمر کے عازمین کے لئے محفوظ ہوچکی ہیں اور مابقی 3685 عازمین کا ضلع واری اساس پر مسلمانوں کی آبادی کے تناسب کے اعتبار سے قرعہ نکالا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق ریاستی حج کمیٹی کو جاریہ سال 13ہزار 388 خواہشمندوں کی درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن میں 484 عازمین کا محفوظ زمرہ میں انتخاب عمل میں لایا جا چکا ہے۔ گذشتہ یوم تک بھی قرعہ اندازی کے سلسلہ میں کئے گئے فیصلوں کو تبدیل کردیا گیا ہے تاکہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی کوئی خلاف ورزی نہ ہونے پائے ۔ تلنگانہ ریاستی حج کمیٹی نے قرعہ اندازی کے وقت اور مقام میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے بلکہ معلنہ وقت پر ہی قرعہ اندازی کا عمل مکمل کیا جائے گا لیکن اس تقریب سے سیاسی قائدین دور رہیں گے ۔عازمین حج کی قرعہ اندازی کے عمل کی تکمیل کے فوری بعد کوور نمبر آن لائن دیکھے جا سکیں گے اور مرکزی حج کمیٹی کی ویب سائٹ پر درخواست گذار اپنے کوور نمبر کی تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں۔