تلنگانہ عازمین حج کی سعودی عرب روانگی کا عمل مکمل

   

حیدرآباد سے جملہ 7040 عازمین کی روانگی، آخری قافلہ کو وزیرداخلہ محمود علی نے وداع کیا
حیدرآباد 22 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ سے عازمین حج کی روانگی کا عمل آج مکمل ہوگیا۔ تلنگانہ حج کمیٹی کے آخری دو قافلے آج وستارا ایرلائنز کی خصوصی پروازوں کے ذریعہ جدہ روانہ ہوئے جس میں 300 عازمین تھے۔ عازمین کے آخری قافلہ کو جو رات 9 بجے روانہ ہوا، روانگی سے قبل حج کیمپ سے خصوصی بسوں کے ذریعہ عازمین حج کو وداع کیا گیا۔ وزیرداخلہ محمد محمود علی، صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم، صدرنشین وقف بورڈ مسیح اللہ خان، حج کمیٹی کے ارکان اور عہدیداروں نے آخری قافلے کے عازمین سے ملاقات کی اور تلنگانہ کی ترقی کیلئے خصوصی دعا کی اپیل کی۔ واضح رہے کہ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے جملہ 7040 عازمین حج کی 47 خصوصی فلائٹس کے ذریعہ روانگی عمل میں آئی۔ تلنگانہ عازمین کے لئے وستارا ایرلائنز کی خصوصی پروازوں کا اہتمام کیا گیا تھا۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے تلنگانہ حج کمیٹی کے 5583 عازمین روانہ ہوئے۔ ان کے علاوہ کرناٹک کے867 ، مہاراشٹرا 531 ، آندھراپردیش 46 ، بہار 3، چھتیس گڑھ 7 ، جھارکھنڈ 2 اور ٹاملناڈو کے ایک عازم کی حیدرآباد سے روانگی عمل میں آئی۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے جملہ مرد عازمین 3664 اور خاتون عازمین 3376 روانہ ہوئے ہیں۔ تلنگانہ حج کمیٹی کے لئے 5278 عازمین کا کوٹہ الاٹ کیا گیا تھا جبکہ ویٹنگ لسٹ کے تحت 1244 نشستیں منظور کی گئیں۔ تلنگانہ سے 16 خادم الحجاج کی روانگی عمل میں آئی جبکہ ویٹنگ لسٹ کے 20 عازمین بنگلور سے روانہ ہوئے۔ اطلاعات کے مطابق تلنگانہ کے عازمین حج عزیزیہ کی رہائشی عمارتوں میں مقیم ہیں اور ایام حج کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ فریضۂ حج کی تکمیل کے بعد حجاج کرام کے قافلوں کی واپسی کا 15 جولائی کو آغاز ہوگا اور آخری قافلہ 30 جولائی کو مدینہ منورہ سے حیدرآباد واپس ہوگا۔ ر