تلنگانہ عازمین حج کی پروازوں کا 7 جون کو آغاز

   

13 جولائی کو مدینہ منورہ سے واپسی ، جاریہ سال اے پی کے عازمین کی وجئے واڑہ سے روانگی
حیدرآباد۔28۔اپریل (سیاست نیوز) حج 2023 ء کیلئے ملک کے 22 مقامات سے عازمین کی روانگی کے پروگرام کو قطعیت دی گئی ہے۔ مرکزی حکومت نے جاریہ سال 22 امبارگیشن پوائنٹس کی نشاندہی کی جہاں سے عازمین حج کی روانگی اور واپسی عمل میں آئیگی۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ کے عازمین کی روانگی کا 7 جون کو آغاز ہوگا اور 22 جون تک قافلوں کی روانگی جاری رہیگی۔ حیدرآباد سے عازمین کے قافلے جدہ روانہ ہونگے۔ حجاج کرام کی واپسی کا 13 جولائی سے آغاز ہوگا اور آخری قافلہ 2 اگست کو مدینہ منورہ سے حیدرآباد پہنچے گا۔ حیدرآباد سے 5200 عازمین کی روانگی کا امکان ہے۔ جاریہ سال آندھراپردیش عازمین کو حیدرآباد یا بنگلور سے روانگی کی ضرورت نہیں پڑیگی۔ وجئے واڑہ کو امبارگیشن پوائنٹ میں شامل کیا گیا اور تلنگانہ کی طرح 7 جون سے عازمین حج کی روانگی کا آغاز ہوگا جو 22 جون تک جاری رہے گی۔ آندھراپردیش سے 1800 عازمین کی روانگی کا امکان ہے۔ اے پی کے عازمین راست جدہ روانہ ہونگے اور 13 جولائی سے واپسی مدینہ منورہ سے ہوگی۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے امبارگیشن پوائنٹس کے مطابق متعلقہ ریاستی حج کمیٹیوں کو متحرک کردیا ۔ تلنگانہ عازمین حج کیلئے وستارا ایر لائینس کی خدمات کے تعین کا امکان ہے۔ اسی دوران 4700 عازمین حج نے سفری اخراجات کی پہلی قسط ایک لاکھ 70 ہزار روپئے ادا کردی ہے۔ تلنگانہ سے 5278 عازمین کا انتخاب کیا گیا ۔ بطور اڈوانس 81800 روپئے حاصل کئے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ حج کمیٹی کو تاحال 4525 پاسپورٹس موصول ہوئے ہیں جن میں این آر آئیز کے 103 پاسپورٹس شامل ہیں۔ 100 عازمین حج نے سفر کی منسوخی کی اطلاع دی ہے۔ حج کمیٹی کو مزید 550 عازمین کے پاسپورٹس موصول ہونے باقی ہیں۔ ر