تلنگانہ عازمین حج کے قافلوں کی آج سے مدینہ منورہ روانگی

   

حج کیمپ میں معقول انتظامات، سعودی ایر لائنس کی پروازیں،دیگر ریاستوں کے عازمین بھی حیدرآباد سے روانہ ہوں گے
حیدرآباد۔/7 مئی، ( سیاست نیوز) حج 2024 کے تلنگانہ عازمین حج کے قافلوں کی روانگی کا کل 8 مئی سے آغاز ہوگا اور سعودی ایر لائنس کی خصوصی پرواز سے 285 عازمین حیدرآباد سے مدینہ منورہ پرواز کریں گے۔ نامپلی میں واقع حج ہاوز کے احاطہ میں حج کیمپ کی سرگرمیوں کا آغاز ہوچکا ہے اور عازمین حج کی آمد کے پیش نظر حج کیمپ میں روح پرور مناظر دیکھے جارہے ہیں۔ تلنگانہ حج کمیٹی کے علاوہ مختلف ریاستوں کے عازمین حج 38 قافلوں کی شکل میں مدینہ منورہ روانہ ہوں گے اور آخری قافلہ 25 مئی کو روانہ ہوگا۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ، اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال ( آئی پی ایس ) ، ایگزیکیٹو آفیسر شیخ لیاقت حسین اور اسسٹنٹ ایگزیکیٹو آفیسر عرفان شریف کی نگرانی میں حج کیمپ کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ اضلاع سے پہنچنے والے عازمین کیلئے رہائش اور طعام کا انتظام کیا گیا ہے۔ حج کمیٹی نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ حج کیمپ کے انتظامات میں کوئی کوتاہی نہ رہے اور سعودی عرب کیلئے پرواز تک عازمین کیلئے موثر سہولتیں فراہم کی جائیں۔ عازمین حج کا پہلا قافلہ 8 مئی کو شام 5 بجے خصوصی بسوں کے ذریعہ حج ہاوز سے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ روانہ ہوگا جہاں ضروری امور کی تکمیل کے بعد رات 10:45 بجے طیارہ اُڑان بھرے گا۔ مدینہ منورہ روانگی کے سبب عازمین کو احرام کی ضرورت نہیں رہے گی اور عازمین مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ روانگی کے وقت احرام باندھ لیں گے۔ عازمین کو 48 گھنٹے قبل حج ہاوز میں رپورٹننگ کی ہدایت دی گئی ہے اور شہر کے عازمین رپورٹنگ کے بعد واپس ہوکر بسوں کی روانگی سے قبل حج ہاوز پہنچ سکتے ہیں۔ حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے جملہ 11464 عازمین کی روانگی عمل میں آئے گی جن میں تلنگانہ کے علاوہ دیگر 16 ریاستوں کے عازمین کی محدود تعداد بھی شامل ہے۔ روانگی کے شیڈول میں بعض ایام میں تین تا چار قافلے روانہ ہوں گے۔ حج کیمپ میں قیام کرنے والے عازمین کی والینٹرس کے ذریعہ رہنمائی کی جارہی ہے۔ تلنگانہ حج کمیٹی کے عازمین کی جملہ تعداد 8239 ہے جبکہ آندھرا پردیش کے 1098 ، کرناٹک 1046 ، مہاراشٹرا 737 اور اوڈیشہ کے 125 عازمین بھی حیدرآباد سے روانہ ہوں گے۔ ان کے علاوہ بہار، چھتیس گڑھ، آسام، گجرات، جھارکھنڈ، مدھیہ پردیش، ٹاملناڈو، جموں کشمیر، اُتر پردیش اور مغربی بنگال کے چند ایک عازمین بھی حیدرآباد سے پرواز کریں گے۔ عازمین حج کے قافلوں کی روانگی کے موقع پر علمائے کرام کے خطاب رکھے جائیں گے جو مناسک حج اور زیارت مدینہ منورہ کی تفصیلات سے واقف کرائیں گے۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے اس بات کی کوشش کی ہے کہ ہر ضلع کے عازمین کی روانگی ایک ساتھ ہو تاکہ سعودی عرب میں قیام کے دوران ایک دوسرے کی مدد کرسکیں۔ اسی دوران چیف منسٹر کے سکریٹری شاہنواز قاسم ( آئی پی ایس ) نے حج کیمپ کے انتظامات کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے عہدیداروں سے کہا کہ کیمپ میں عازمین کی تمام سہولتوں کا خیال رکھا جائے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اپنی حکومت کے پہلے حج کیمپ کو بہتر انتظامات کے ذریعہ کامیاب بنانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ عازمین کے قافلوں کے ساتھ خادم الحجاج کو روانہ کیا جائے گا۔1