تلنگانہ عازمین حج کے مزید تین قافلوں کی سعودی عرب روانگی

   

حیدرآباد ۔16 ۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کے 450 عازمین حج پر مشتمل تین قافلے آج سعودی عرب روانہ ہوں گے۔ تلنگانہ سے عازمین حج کے جملہ 28 قافلے روانہ ہوچکے ہیں جن میں 4200 عازمین شامل تھے۔ جمعہ کو تین قافلوں کی روانگی کے موقع پر صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد سلیم، صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ مسیح اللہ خاں ، صدرنشین اقلیتی کمیشن طارق انصاری اور حج کمیٹی کے ارکان موجود تھے۔ نظام آباد اور دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے عازمین کی روانگی عمل میں آئی ہے۔ فلائیٹ کے وقت سے چار گھنٹے قبل حج ہاؤز نامپلی سے خصوصی بسوں کے ذریعہ عازمین کو ایرپورٹ منتقل کیا گیا۔ تلبیہہ کی گونج میں عازمین حج کے قافلے ایرپورٹ روانہ ہوئے ۔ وستارا ایر لائینس کی خصوصی پروازوں کے ذریعہ عازمین راست جدہ پہنچ رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق کل تک پہنچنے والے عازمین نے عمرہ کی ادائیگی مکمل کرلی ہے ۔ عزیزیہ کی رہائشی عمارتوں میں قیام کا انتظام کیا گیا ہے ۔ اسی دوران 19 جون کے ایک قافلہ کی روانگی کا وقت تبدیل ہوچکا ہے ۔ 19 جون کو صبح 4.45 بجے کی فلائیٹ 18 جون کو رات 8.55 بجے روانہ ہوگی۔ اس قافلہ میں نظام آباد ضلع سے تعلق رکھنے والے 135 عازمین ہیں۔ فلائیٹ 6127 کے عازمین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ تبدیل شدہ وقت کے مطابق حج ہاؤز کو رپورٹ کریں۔ فلائیٹ کے وقت سے 4 گھنٹے قبل عازمین کو حج ہاؤز سے ایرپورٹ منتقل کیا جائے گا۔ر
خادم الحجاج کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر مکہ مکرمہ سے کارکردگی رپورٹ روانہ کریں۔ر