تلنگانہ عازمین حج کے پہلے قافلہ کی مدینہ منورہ روانگی، حج ہاوز میں روح پرور مناظر

,

   

عبادات پر توجہ دینے مفتی خلیل احمد کی تلقین، اسپیشل سکریٹری تفسیر اقبال اور عہدیداروں نے بسوں کو جھنڈی دکھائی، آج دوسرے قافلہ کی روانگی

حیدرآباد۔/8 مئی، (سیاست نیوز) حج 2024 کے تلنگانہ عازمین کے قافلوں کی روانگی کا آج آغاز ہوگیا۔ سعودی ایر لائنس کی خصوصی پرواز سے 283 عازمین پر مشتمل پہلا قافلہ حیدرآباد سے راست مدینہ منورہ کیلئے روانہ ہوا۔ حج ہاوز نامپلی سے عازمین حج کو خصوصی بسوں کے ذریعہ ایر پورٹ منتقل کیا گیا۔ 7 خصوصی بسوں کو شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ مفتی خلیل احمد، اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال، ایگزیکیٹوآفیسر تلنگانہ حج کمیٹی شیخ لیاقت حسین، اسسٹنٹ ایگزیکیٹو آفیسر عرفان شریف اور دوسروں نے جھنڈی دکھاکر کر روانہ کیا۔ عازمین حج چونکہ مدینہ منورہ روانہ ہوئے لہذا احرام اور تلبیہہ کے بغیر صرف سفر کی دعا کے بعد روانگی عمل میں آئی۔ تلنگانہ کے عازمین حج کی روانگی ہندوستان سے روانہ ہونے والے عازمین کے پہلے مرحلہ میں شامل ہیں اور حیدرآباد سے روانہ پہلا قافلہ حج کمیٹی آف انڈیا کا سعودی عرب میں پہنچنے والا پہلا قافلہ ہے۔ اطلاعات کے مطابق سعودی حج مشن کے اعلیٰ عہدیداروں نے مدینہ منورہ ایر پورٹ پر تلنگانہ عازمین کا استقبال کیا۔ حج ہاوز میں پہلے قافلہ کی روانگی کے موقع پر روح پرور مناظر دیکھے گئے اور عازمین حج کے دوست احباب و رشتہ داروں کی کثیر تعداد وداع کرنے کیلئے پہنچی تھی۔ ضعیف عازمین کے رشتہ دعائیں حاصل کررہے تھے۔ مفتی خلیل احمد نے دعا کی اور عازمین حج کو مشورہ دیا کہ وہ سعودی عرب میں قیام کے دوران اپنا زیادہ تر وقت عبادات، اذکار اور دعاؤں میں صرف کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایام حج کے دوران دنیاوی امور سے اجتناب کرنا چاہیئے تاکہ مناسک حج کی تکمیل میں کوئی خلل نہ ہو۔ تفسیر اقبال ( آئی پی ایس) نے عازمین حج کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ حکومت کی جانب سے روانگی سے لے کر واپسی تک موثر انتظامات کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج کیمپ میں عازمین کیلئے طعام و قیام کی بہتر سہولت فراہم کی گئی ہے۔ 9 مئی اور 10 مئی کے حج قافلوں کے عازمین کی جانب سے رپورٹنگ کا آغاز ہوچکا ہے۔ کل 9 مئی کو دوسرا قافلہ شام 4:30 بجے مدینہ منورہ روانہ ہوگا۔ 10 مئی کو دو قافلے روانہ ہوں گے۔ پہلا قافلہ صبح 9:55 بجے اور دوسرا قافلہ شام 4:30 بجے پرواز کرے گا۔ پرواز سے 4 گھنٹے قبل عازمین کو حج ہاوز سے خصوصی بسوں کے ذریعہ ایر پورٹ روانہ کیا جائے گا۔ حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے جملہ 11464 عازمین کی روانگی عمل میں آئے گی۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ انتظامات کی نگرانی کررہے ہیں۔ لوک سبھا چناؤ کے انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے سبب سیاسی قائدین کی شرکت کی پابندی ہے۔ واضح رہے کہ تلنگانہ میں کانگریس برسراقتدار آنے کے بعد یہ پہلا حج کیمپ ہے اور چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اپنے سکریٹری شاہنواز قاسم کو عازمین کیلئے موثر انتظامات کی ہدایت دی ہے۔1