حیدرآباد۔/14 جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کے عازمین پر مشتمل 22 قافلے فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب روانہ ہوچکے ہیں۔ روزانہ 3 قافلوں کے حساب سے آج بھی تین قافلوں کی روانگی عمل میں آئی جس میں 450 عازمین شامل تھے۔ تاحال تلنگانہ کے 3300 عازمین حج مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں۔ حج ہاوز میں واقع حج کیمپ سے تین قافلوں کی روانگی کے موقع پر مفتی محمد امجد قاسمی اور صدر نشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب محمد سلیم نے عازمین حج سے خطاب کیا اور ضروری ہدایات دیں۔ عازمین کی خصوصی بسوں کو تلبیہ کی گونج میں جھنڈی دکھاکر ایرپورٹ روانہ کیا گیا۔ وستارہ ایر لائنز کی خصوصی پروازوں سے عازمین جدہ روانہ ہوئے۔ حج کیمپ میں تمام ضروری امور کی تکمیل کرتے ہوئے بورڈنگ کارڈ حوالے کیا گیا۔ اس موقع پر حج کمیٹی کے ارکان سید غلام احمد حسین، عرفان الحق، سید نظام الدین، نذیر احمد، ایگزیکیٹو آفیسر بی شفیع اللہ اور اسسٹنٹ ایگزیکیٹو آفیسر عرفان شریف موجود تھے۔ تلبیہ کی گونج میں عازمین حج کی خصوصی بسوں کو ایر پورٹ روانہ کیا گیا۔ اسی دوران مکہ مکرمہ سے موصولہ اطلاع کے مطابق منگل تک پہنچنے والے عازمین نے عمرہ کی تکمیل کرلی ہے اور عزیزیہ میں رہائشی عمارتوں میں مقیم ہیں۔ صدر نشین حج کمیٹی جناب محمد سلیم نے خادم الحجاج کو ہدایت دی کہ وہ عازمین کیلئے بہتر سہولتوں کو یقینی بنائیں۔ حج مشن کی جانب سے ڈاکٹرس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ر