تلنگانہ عوام بی آر ایس اور بی جے پی کو شکست دینے کیلئے تیار

   

ہاتھ سے ہاتھ جوڑو مہم کے تحت محمد علی شبیر کی عوام سے ملاقات، کانگریس کی حکومت کا یقین

حیدرآباد۔/13 اگسٹ، ( سیاست نیوز) سابق وزیر اور کانگریس پولٹیکل افیرس کمیٹی کے کنوینر محمد علی شبیر نے ہاتھ سے ہاتھ جوڑو مہم کے تحت کاماریڈی اسمبلی حلقہ میں عوامی رابطہ مہم میں شدت پیدا کردی ہے۔ انہوں نے ماچہ ریڈی منڈل کے انارم دیہات میں عوام سے ملاقات کی۔ سینکڑوں کی تعداد میں مرد و خواتین نے محمد علی شبیر کا استقبال کیا اور آئندہ انتخابات میں کانگریس کی تائید کا یقین دلایا۔ گذشتہ 9 برسوں کے دوران بی آر ایس کے مقامی رکن اسمبلی نے عوامی مسائل کو نظرانداز کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں جو ترقیاتی کام شروع کئے گئے تھے آج بھی وہی برقرار ہیں۔ محمد علی شبیر نے دعویٰ کیا کہ ریاست بھر میں کانگریس کے حق میں عوامی لہر پائی جاتی ہے۔ بی آر ایس اور بی جے پی سے عوام عاجز آچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں تمام طبقات کے ساتھ کے سی آر حکومت نے دھوکہ کیا ہے۔ اقلیتوں، دلت اور پسماندہ طبقات سے کئے گئے وعدوں کو فراموش کردیا گیا۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ کانگریس زیر اقتدار ریاست راجستھان میں پکوان گیس سلینڈر 500 روپئے میں سربراہ کیا جارہا ہے۔ تلنگانہ میں کانگریس برسراقتدار آنے پر غریب خاندانوں کو گیس سلینڈر 500 روپئے میں سربراہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں اور کمزور طبقات کیلئے کانگریس پارٹی نے علحدہ ڈیکلریشن جاری کئے ہیں۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ اگر چیف منسٹر کے سی آر کاماریڈی سے مقابلہ کرتے ہیں تو وہ خیرمقدم کریں گے لیکن انہیں یقین ہے کہ کامیابی کانگریس پارٹی کی ہوگی۔