تلنگانہ عوام تبدیلی کیلئے تیار ‘ کانگریس کی سونامی : یوگیندر یادوکا دعویٰ

   

علیحدہ ریاست کی تشکیل کسی ایک جماعت کا کارنامہ نہیں ساری ریاست کے عوام کی قربانیوں کا نتیجہ

حیدرآباد 24 نومبر (سیاست نیوز) ممتاز سماجی و سیاسی جہدکار یوگیند ریادو نے تلنگانہ میںکانگریس کی سونامی کا دعوی کیا۔ حیدرآباد پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں یادو نے کہاکہ انتخابات میںسیاسی جماعتوں کی لہر ہوتی ہے مگر تلنگانہ میںکانگریس کی اس مرتبہ سونامی دکھائی دے رہی ہے ۔ بھارت جوڑو ابھیان کے صدر یوگیندر یادو نے کہاکہ جو رپورٹس موصول ہورہی ہیں اور جس طرح کا ماحول میں نے دیکھا اس سے صاف نظر آرہا ہے کہ تلنگانہ میں اس بار کانگریس حکومت بنارہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ملک بھر کی سکیولر طاقتیں بڑی امید کے ساتھ تلنگانہ کی طرف دیکھ رہی ہیں۔ جنوبی ہند میںجس طرح کرناٹک عوام نے بی جے پی کے داخلے کا دروازہ بند کردیا ہے اسی طرح تلنگانہ عوام بھی بی جے پی کیلئے اپنا دروازہ بند کرکے جنوبی ہندوستان سے بی جے پی کو بائے بائے کرنے پوری طرح تیار دکھائی دے رہی ہے۔یوگیند ر یادو نے کہاکہ انہوں نے حالیہ دنوں میںتلنگانہ کے مختلف اضلاع کا دورہ کیا اور عوام سے ملاقات کے بعد وہ اس نتیجے پر پہنچے تلنگانہ میں کانگریس شاندار کامیابی کے ساتھ حکومت بنارہی ہے ۔ انہوں نے بعض گوشوں سے مخلوط حکومت کے دعوئوں کویکسر مسترد کردیا اور کہاکہ تلنگانہ میںکانگریس کی سونامی چل رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ عوام تبدیلی چاہتے ہیں اور یہ تبدیلی 2024 لوک سبھا انتخابات میںتبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ نفرت کی سیاست سے عوام بیزار ہیں اور تلنگانہ میں تو اقتدار حاصل کرنے بے دریغ دولت لٹائی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں انتخابات کیلئے جو پیسہ خرچ کیا جاتا ہے اتنی دولت تلنگانہ میںلٹائی جارہی ہے ۔ عوام کوپیسوں سے خریدنے کی کوششیںکی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ساری کوششیں اور سازشیں ناکام ہوجائیں گی اور تلنگانہ میں کانگریس کا اقتدار یقینی دکھائی دے رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح کرناٹک میں فرقہ پرستی اور آمریت کے خلاف عوام نے متحد ہوکر ووٹ دیا وہی رحجان تلنگانہ میںبھی نظر آرہا ہے۔ٹی پی جے اے سی ‘ جاگو تلنگانہ ‘ کے بشمول مختلف سیول سوسائٹی ذمہ داران بشمول ایم شیوا کمار‘ پشکر‘ زاہد قادری ‘ کرن جیت‘ کرن بی سی اسٹوڈنٹ اسوسیشن‘ بی وی شیشگری بھی پریس کانفرنس میںموجود تھے ۔ سیول سوسائٹی ذمہ داران نے تلنگانہ میں فرقہ پرستوں کو روکنے اور جمہوری اقدار کی حفاظت کیلئے کانگریس اقتدار کو وقت کی اہم ضرورت قراردیا۔ ان قائدین نے علیحدہ تلنگانہ کی تشکیل کو تلنگانہ عوام کے غیر معمولی جذبے و ایثار وقربانی کا نتیجہ قراردیا ۔