تلنگانہ عوام تیسری مرتبہ بی آر ایس سے دھوکہ نہ کھائیں: ریونت ریڈی

   

تلنگانہ کا اقتدار سونیا گاندھی کو سالگرہ کا تحفہ، میڑچل میں مختلف عوامی پروگراموں میں شرکت
حیدرآباد ۔23۔ جون (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کے سی آر حکومت سے مزید دھوکہ کھانے کے بجائے کانگریس پارٹی کو اقتدار کا ایک موقع فراہم کریں۔ ریونت ریڈی نے یقین ظاہر کیا کہ تلنگانہ میں آئندہ حکومت کانگریس کی ہوگی جو سونیا گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر عوام کی جانب سے ایک تحفہ رہے گا۔ ریونت ریڈی نے آج میڑچل ضلع میں مختلف پروگراموں میں حصہ لیا۔ انہوں نے میڑچل میں تعمیر کئے گئے اندراماں ہاؤزنگ مکانات استفادہ کنندگان میں تقسیم کئے۔ ریونت ریڈی کے دورہ کے موقع پر بی آر ایس اور بی جے پی کے کئی قائدین نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ مختلف عوامی تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کے سی آر حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ شہیدان تلنگانہ کی قربانیوں کو فراموش کردیا گیا ہے ۔ کے سی آر نے شہیدان تلنگانہ کی یادگار تعمیر کی لیکن ان کے خاندانوں کے ساتھ انصاف نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے پر شہیدان تلنگانہ کے خاندانوں کو ماہانہ 25 ہزار روپئے وظیفہ منظور کیا جائے گا اور تلنگانہ کیلئے اپنی جان کی قربانی دینے والوں کے نام یادگار پر درج کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملکاجگیری لوک سبھا حلقہ کے عوام نے حکومت سے سوال کرنے کیلئے انہیں منتخب کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کو ڈبل بیڈروم مکانات فراہم کرنے کا وعدہ کسی بھی ضلع میں پورا نہیں ہوا۔ ریونت ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ تیسری مرتبہ بی آر ایس کے دھوکہ میں نہ آئیں ۔ انہوں نے ریمارک کیا کہ عوام کو دھوکہ دینے میں کے ٹی آر اور کے سی آر دونوں مساوی ہیں۔ یہ دونوں عوام کو گزشتہ 9 برسوں سے مختلف تیقنات کے ذریعہ دھوکہ دے رہے ہیں۔ کانگریس پارٹی نے تلنگانہ ریاست تشکیل دی ہے اور سونیا گاندھی کو تلنگانہ کا اقتدار بطور تحفہ پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 220 سال کی خاندانی حکمرانی کے بعد نظام حیدرآباد دولتمند ہوئے تھے لیکن کے سی آر نے صرف 10 برسوں میں لاکھوں کروڑ روپئے کہاں سے حاصل کئے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ اسمبلی انتخابات سے قبل عوام سے جو بھی وعدے کئے جائیں گے ، ان کی ترجیحی بنیادوں پر تکمیل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک کی طرح تلنگانہ میں ہر طبقہ کیلئے علحدہ ڈکلیریشن جاری کیا جائے گا ۔ر