حیدرآباد۔/6ڈسمبر، ( سیاست نیوز) نامزد چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کل 7 ڈسمبر کو لال بہادر اسٹیڈیم میں تقریب حلف برداری کیلئے عوام کو کھلا دعوت نامہ جاری کیا ہے جس میںکہا گیا ہے کہ وہ جمعرات کی دوپہر 1:04 بجے حلف لے رہے ہیں۔ عوام سے خواہش کی جاتی ہے کہ وہ تقریب میں شرکت کریں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں ایک مرتبہ پھر اندراماں راج قائم ہوا ہے اسے اپنی آنکھوں سے دیکھنے کیلئے عوام کو کثیر تعداد میں شرکت کرنی چاہیئے۔ انہوں نے تلنگانہ عوام، طلبہ کی جدوجہد اور قربانیوں کے نتیجہ میں تلنگانہ کی تشکیل کا حوالہ دیا اور کہا کہ سونیا گاندھی نے تلنگانہ کی تشکیل کے عہد کو پورا کیا ہے۔