تلنگانہ عوام کی بھلائی اور ریاست کی ترقی میری اولین ترجیح

   


پوڈی چیری سے گورنر سوندرا راجن کی حیدرآباد میں ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد: پوڈی چیری کے لیفٹننٹ گورنر کے عہدہ کی اضافی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد گورنر تلنگانہ ٹی سوندرا راجن نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ عہدیداروں سے تلنگانہ کے مسائل پر بات چیت کی۔ انہوں نے پوڈی چیری سے عہدیداروں سے ربط قائم کیا اور ریاست کی صورتحال اور عوام کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا۔ راج نیواس سے ویڈیو کانفرنس حیدرآباد کے راج بھون میں عہدیداروں کے ساتھ منعقد کی گئی ۔ سوندرا راجن نے اس موقع پر کہا کہ میں نے پوڈی چیری کے لیفٹننٹ گورنر کی زائد ذمہ داری قبول کرلی ہے ، تاہم تلنگانہ سے متعلق مسائل اور دیگر امور کے بارے میں معلومات حاصل کر رہی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام کی بھلائی ان کی ترقی اولین ترجیح ہے۔ پوڈی چیری میں قیام کے باوجود میں تلنگانہ عوام کی بھلائی اور ریاست کی گرقی کے بارے میں ہر لمحہ فکر مند ہوں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ میں ہمیشہ آپ کیلئے دستیاب رہوں گی۔ جب بھی ضرورت پڑے کسی بھی مسئلہ سے مجھ کو واقف کرایا جاسکتا ہے ۔ ڈاکٹر سوندرا راجن نے کہا کہ تلنگانہ عوام سے متعلق مسائل ان کے لئے اہمیت کے حامل ہیں۔ گورنر کے سکریٹری کے سریندر موہن نے پوڈی چیری سے گورنر کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میں حصہ لیا ۔ حیدرآباد کے راج بھون سے ویڈیو کانفرنس میں گورنر کے مشیران ، جوائنٹ سکریٹری اور دیگر عہدیداروں نے حصہ لیا ۔