میدک میں منعقدہ پروگرام سے ریاستی وزیر صحت دامودھر راج نرسمہا کا خطاب
میدک ۔ 29 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر صحت جناب سی دامودھر راج نرسمہا نے عوام سے اپیل کی کہ کانگریس نے ابھیا ہستم پروگرام کے تحت عوام کی فلاح و بہبود کے مقصد سے آغاز کردہ چھ گیارنٹی اسکیمات سے عوام کو چاہئے کہ بھرپور مستفید ہوں۔ اسی طرح سرکاری عہدیداروں کو بھی چاہئے کہ تمام مستحقین کو فائدہ پہنچانے کے لئے حکومت کا بھرپور تعاون کریں کہ حکومت کی نیک نامی متاثر نہ ہو۔ وزیر صحت راج نرسمہا نے ضلع میدک کے ٹیکمال منڈل کے چلا پلی، الہ درگ منڈل کے رام پور اور ریگوڑ کے لنگم پلی میں عوامی حکمرانی (پرجا پالنا) پروگرام کا میدک ضلع کلکٹر راجرشی شاہ کے ہمراہ آغاز کرتے ہوئے عوام کو خانہ پوری کے لئے فارمس کی اجرائی عمل میں لاکر فارمس کو خانہ پوری کے بعد حاصل بھی کیا۔ انہوں نے قبل ازیں شمع بھی روشن کیا۔ انہوں نے اپنے سلسلہ خطاب میں کہا کہ وعدے کے مطابق حکومت ہی عوام کے پاس آتی ہے کہا کہ درخواستیں 6 جنوری تک حاصل کی جائیں گی لیکن اگر عوام کو سہولت بھی دی جارہی ہے کہ پرجا پالنا کے اختتام کے بعد بھی مقامی منڈل، دفاتر اور گرام پنچایتوں، بلدی دفاتر میں بھی اپنی درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ راج نرسمہا نے کہا کہ ہم عوام کی ہر مشکل میں ساتھ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بس سرویس میں خواتین کو مفت سفر اور علاج کے لئے 10 لاکھ کی ضمانت جیسی اسکیمات کا پہلے ہی آغاز ہوچکا ہے۔ باقی اسکیمات اندرون 100 دنوں میں اہل افراد کے لئے شروع کردی جائیں گی۔ دامودھر راج نرسمہا نے قبل ازیں الہ درگ منڈل کے رام پور میں واقع امبیڈکر کے مجسمہ کو گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے خراج ادا کیا۔ اس موقع پر ضلع پنچایت آفسر سائی بابا، ضلع میڈیکل آفیسر ڈاکٹر چندونائک کے علاوہ عوامی نمائندوں اور پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ ڈسٹرکٹ پبلک ریلیشن آفیسر کے مطابق ضلع میدک میں پرجا پالنا کے پہلے دن 78 گرام پنچایتوں اور چار بلدیات کے 11 وارڈس میں 10,622 درخواستیں موصول ہوئیں۔