تلنگانہ قانون ساز اسمبلی اور کونسل کا آج سے اجلاس

,

   

اسپیکر نے انتظامات کو قطعیت دی، عوامی مسائل کی پیشکشی کیلئے اپوزیشن کی تیاریاں
حیدرآباد۔23 ۔ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی اور کونسل کا اجلاس کل 24 ستمبر کو 11 بجے دن شروع ہوگا۔ اجلاس کی تیاریوں کے سلسلہ میں اسپیکر اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی اور چیف سکریٹری سومیش کمار نے دو علحدہ اجلاس منعقد کئے ۔ اسپیکر اسمبلی کی جانب سے منعقدہ اجلاس میں کونسل کے کارگزار صدرنشین بھوپال ریڈی ، وزیر امور مقننہ پرشانت ریڈی ، گورنمنٹ چیف وہپ ڈی ونئے بھاسکر ، سکریٹری لیجسلیچر نرسمہا چاریلو اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر اسپیکر نے کہا کہ تلنگانہ میں کورونا کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے حکومت کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی صورتحال ملک کی دیگر ریاستوں کے مقابلہ تلنگانہ میں قابو میں ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی ، سابق وزیراعظم منموہن سنگھ اور نیتی آیوگ کے چیرمین نے بھی تلنگانہ حکومت کی ستائش کی ہے۔ اسپیکر اسمبلی نے دونوں ایوانوں کے اجلاس شفافیت کے ساتھ مؤثر انداز میں انعقاد کے لئے عہدیداروں سے تعاون کی خواہش کی۔ انہوں نے کہا کہ ارکان کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالات کا جواب دینے کیلئے عہدیداروں کو تیاری کے ساتھ حاضر ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ اجلاس کی طرح مختلف محکمہ جات کے نوڈل آفیسرس عہدیداروں کے خصوصی باکس میں موجود رہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ اجلاس کے زیر التواء سوالات کے جوابات تیار کئے جائیں۔ سرینواس ریڈی نے بتایا کہ کورونا قواعد پر عمل آوری کے ساتھ اسمبلی اور کونسل کا اجلاس منعقد ہوگا۔ عہدیداروں کو کووڈ قواعد پر عمل آوری کے اقدامات کرنے چاہئے ۔ انہوں نے گنیش وسرجن کے پرامن انعقاد کے لئے پولیس عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی۔ اسپیکر نے کہا کہ اسمبلی کے اطراف کے علاقوں میں تمام تر سیکوریٹی انتظامات کئے جائیں تاکہ اجلاس میں کوئی خلل نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں کئے گئے انتظامات کی طرح اس مرتبہ بھی ہر ممکن چوکسی برقرار رکھی جائے ۔ چیف سکریٹری سومیش کمار ، اسپیشل چیف سکریٹری فینانس رام کرشنا راؤ ، اسپیشل چیف سکریٹری اروند کمار ، پرنسپل سکریٹری وکاس راج ، ہیلت سکریٹری مرتضیٰ علی رضوی ، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار ، ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی ، کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ۔ عہدیداروں سے کہا گیا کہ چیف منسٹر اور وزراء کے باب الداخلوں پر سیکوریٹی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ اسپیکر نے کہا کہ پہلے دن بزنس اڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں ایجنڈہ اور ایام کار کو قطعیت دی جائے گی۔ اسی دوران اپوزیشن جماعتوں نے عوامی مسائل پر حکومت کو گھیرنے کی تیاری کرلی ہے۔ اسمبلی اجلاس ہنگامہ خیز ثابت ہوسکتا ہے۔ ر