تلنگانہ قانون ساز کونسل میں چار سرکاری بلز کو منظوری

   

بلدی ڈیویژنس میں عوامی کمیٹیوں کی تشکیل، بلز کی منظوری کے بعد اجلاس ملتوی

حیدرآباد: تلنگانہ قانون ساز کونسل کے ایک روزہ خصوصی اجلاس میں چار سرکاری بلز کو منظوری دی گئی ہے۔ یہ چاروں بلز منگل کو قانون ساز اسمبلی میں منظور کئے گئے تھے۔ بلز کی منظوری کے بعد صدرنشین کونسل جی سکھیندر ریڈی نے ایوان کو غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا۔ انڈین اسٹامپ بل 2020 ، تلنگانہ اگریکلچرل لینڈ ترمیمی بل 2020 کو وزیر امور مقننہ پرشانت ریڈی نے پیش کیا ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ترمیمی بل 2020 ء کو وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ اور کریمنل پروسیجر کوڈ ترمیمی بل 2020 ء کو وزیر قانون اندرا کرن ریڈی نے پیش کیا۔ وزراء نے ترمیمی قوانین کے اغراض و مقاصد بیان کئے اور ارکان کے استفسارات کا جواب دیا ۔ جی ایچ ایم سی ترمیمی قانون کے تحت گریٹر بلدیہ میں خواتین کو 50 فیصد تحفظات فراہم کئے گئے ہیں۔ بلدیہ میں 10 فیصد کو گرین بجٹ قرار دیا گیا تاکہ بلدی علاقہ میں گرینری کو فروغ دیا جائے ۔ ہر وارڈ میں شہریوں پر مشتمل چار کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ انڈین اسٹامپس ترمیمی بل کے ذریعہ اسٹامپ ڈیوٹی کی ویلیو طئے کرنے کیلئے انسپکٹر جنرل اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن اور رجسٹرارس کے اختیارات کو ختم کردیا گیا ہے۔ وزیر عمارت و شوارع وی پرشانت ریڈی نے بتایا کہ متعلقہ ضلع کلکٹر کی قیادت میں کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس میں ڈسٹرکٹ رجسٹرار کنوینر ہوں گے ۔ میونسپل کمشنر ، چیف اگزیکیٹیو آفیسر ضلع پریشد اور ڈی آئی جی اسٹامپس کو شہری علاقوں جبکہ جوائنٹ کلکٹر ، ڈی آر او ، ڈی آئی جی اسٹامپس اور سب رجسٹرار کو دیہی علاقوں میں بطور ارکان شامل کیا گیا ہے ۔اسٹامپ ڈیوٹی کی مالیت طئے کرنے کے سلسلہ میں مبینہ بے قاعدگیوں کی شکایات کے بعد کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔ کمیٹی کا فیصلہ قطعی رہے گا۔