تلنگانہ قانون ساز کونسل کے دو حلقوں کے انتخابات

,

   

Ferty9 Clinic

اعلامیہ جاری، 14 مارچ کو رائے دہی ، 17 مارچ کو نتائج کا اعلان

حیدرآباد:تلنگانہ قانون ساز کونسل کے دو گریجویٹ حلقوں کے انتخابات کا عمل آج سے شروع ہوگیا ہے ۔محبوب نگر۔ رنگاریڈی۔ حیدرآباد،ورنگل۔کھمم۔نلگنڈہ گریجویٹ حلقوں کی نمائندگی کرنے والے ارکان کی معیاد جاریہ سال 29مارچ کو ختم ہورہی ہے ۔ان نشستوں کو پُرکرنے کیلئے مرکزی الیکشن کمیشن نے پہلے ہی شیڈول جاری کردیاہے ۔منگل کو محبوب نگر۔رنگاریڈی۔حیدرآباد حلقہ کے ریٹرننگ آفیسر و گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے ایڈیشنل کمشنر،ورنگل۔کھمم۔نلگنڈہ حلقہ کے ریٹرننگ آفیسرو رنگاریڈی ضلع کلکٹر نے ان دو حلقوں کے انتخابات کا اعلامیہ جاری کیا۔آج سے پرچہ نامزدگیوں کے ادخال کا عمل شروع ہوگیا ہے ۔11بجے دن سے تین بجے سہ پہر تک پرچہ نامزدگیاں قبول کی جارہی ہیں۔اس ماہ کی 23تاریخ تک پرچہ نامزدگیاں داخل کی جاسکتی ہیں۔اگلے دن ان کی جانچ کی جائے گی۔26تاریخ تک پرچہ نامزدگیاں واپس لی جاسکتی ہیں۔14مارچ کو 8بجے صبح تا4بجے شام کے درمیان رائے دہی ہوگی جبکہ 17مارچ کو ووٹوں کی گنتی کی جائے گی۔کمشنر جی ایچ ایم سی ڈی ایس لوکیش کمار نے بتایا کہ 14 مارچ کو گریجویٹ حلقوں کے ایم ایل سی انتخابات کیلئے تقریباً 169 پولنگ سنٹرس قائم کئے جائیں گے۔ لوکیش کمار نے بتایا کہ 5.60 لاکھ ووٹرس نے ایم ایل سی گریجویٹ حلقوں کے انتخابات کیلئے اپنے ناموں کا اندراج کروایا ہے ۔ لال بہادر اسٹیڈیم کو عارضی طور پر الیکشن سے متعلق اشیاء کی تقسیم اور کاؤنٹنگ سنٹر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے پولنگ مراکز پر بنیادی سہولتوں کے علاوہ ویب کاسٹنگ کے انتظامات کی بھی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ ایڈیشن کمشنر (اے سی) جی ایچ ایم سی پرینکا الا کو ریٹرننگ آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔ پرچہ نامزدگیاں جی ایچ ایم سی ہیڈکوارٹر کی عمارت کی تیسری منزل پر واقع ریٹرننگ آفیسر کے دفتر میں وصول کی جائیں گی۔