اسی جذبے کے تحت علحدہ ریاست حاصل کی گئی
تلنگانہ بھون میں قومی پرچم لہرانے کے بعد خطاب
حیدرآباد ۔ 17 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ قربانیوں اور جدوجہد کی سرزمین ہے ۔ تلنگانہ مسلح جدوجہد کے جذبہ کے ساتھ کانگریس حکومت کے آمرانہ رویہ کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہوجانے کی پارٹی کیڈر سے اپیل کی ۔ 17 ستمبر یوم قومی اتحاد کے موقع پر تلنگانہ بھون میں قومی پرچم لہرانے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ آج کے دن کو چند لوگ یوم آزادی ، چند لوگ یوم انضمام اور چند لوگ یوم بغاوت کے طور پر منا رہے ہیں ۔ لیکن اس دن تلنگانہ کی مسلح جدوجہد میں لاکھوں لوگوں نے حصہ لیا اور ہزاروں لوگوں نے اپنی جانیں گنوائیں ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ اس وقت کے شہداء کی قربانیاں ہم سب کے لیے ایک مثال ہے کیوں کہ انہوں نے بادشاہت کے خلاف جدوجہد کی اور آزادی حاصل کی ۔ بی آر ایس ، کے سی آر اور گلابی پرچم کے ہر سپاہی کی جانب سے ہم انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ قربانیوں کی سرزمین ہے ۔ جدوجہد کی سرزمین ہے ۔ مسلح جدوجہد سے شروع ہو کر چاہے وہ تلنگانہ تحریک کا پہلا مرحلہ ہو یا پھر کے سی آر کی قیادت میں کی گئی جدوجہد کا آخری مرحلہ یا پھر آج بھی کانگریس حکومت کے خلاف جدوجہد ان سب کا بیج تلنگانہ مسلح جدوجہد سے بویا گیا تھا ۔ شیخ بندگی ، دوڈی کمریا ، اروتلا کملا اماں ، اے رام چندرا ریڈی ، روی نارائن ریڈی ، جیسی اہم شخصیتوں نے اس وقت جدوجہد کے جذبے کے ساتھ کئی شاندار غزلیں ، نظمیں تحریر کی تھی ۔ بی آر ایس پارٹی ان اہم شخصیتوں کے جذبے کے ساتھ کے سی آر کی قیادت میں کانگریس کی آمرانہ حکومت کے خلاف اپنی جدوجہد کو جاری رکھے گی ۔ تلنگانہ فلاحی ریاست ، کسانوں کی ریاست کی طرف پیشرفت کرے گی اور ایک ایسا جمہوری ماحول آئے گا جہاں تلنگانہ کے عوام امرانہ رجحانات کے بغیر سانس لے سکیں گے ۔ ریاست میں کانگریس حکومت کے خلاف عوام ناراض ہیں ۔ طلبہ ، کسان اور دیگر شعبوں میں خدمات انجام دینے والے عوام حکومت کے خلاف احتجاجی رخ اختیار کرچکے ہیں ۔ جس کی بی آر ایس پارٹی بھر پور تائید و حمایت کررہی ہے ۔۔ 2