تلنگانہ قومی یکجہتی تقاریب کا کل آغاز‘ تیاریاں مکمل

,

   

چیف منسٹر17ستمبر کو باغ عامہ میں چم لہرائیں گے، این ٹی آر اسٹیڈیم میں جلسہ عام، اضلاع میں تقاریب کیلئے چیف سکریٹری کی ہدایت

حیدرآباد۔/14 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کی جانب سے انضمام حیدرآباد اسٹیٹ کے ضمن میں 16 تا 18 ستمبر سہ روزہ تلنگانہ قومی یکجہتی تقاریب کے ریاست گیر سطح پر انعقاد کی تیاریوں میں تیزی پیدا کردی گئی ہے۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے آج ضلع کلکٹرس، کمشنران پولیس اور سپرنٹنڈنٹس آف پولیس کے علاوہ دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ہر ضلع میں انتظامات کا جائزہ لیا۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ حکومت کی جانب سے باقاعدہ طور پر سرکاری احکامات جاری کئے گئے جس میں ریاست گیر سطح پر قومی یکجہتی تقاریب کے انعقاد کی ہدایت دی گئی ہے۔ ضلع کلکٹرس سے کہا گیا ہے کہ وہ 16 ستمبر کو تمام اسمبلی حلقہ جات میں ریالیوں اور عام جلسوں کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔ کلکٹرس کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ ضلع سے تعلق رکھنے والے وزراء اور عوامی نمائندوں کو اس پروگرام میں شامل کرتے ہوئے کامیاب بنائیں۔ چیف سکریٹری نے قومی یکجہتی تقاریب کے انعقاد میں محکمہ جاتی تال میل کو ناگزیر قراردیا اور کہا کہ تمام سرکاری عمارتوں اور خانگی عمارتوں کو 14 تا 18 ستمبر خوبصورتی سے سجایا جائے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ 17 ستمبر کو باغ عامہ میں قومی پرچم لہرائیں گے۔ ضلع ، منڈل اور گرام پنچایت ہیڈ کوارٹرس پر قومی پرچم لہرایا جائے گا۔ آر ٹی سی کو ہدایت دی گئی ہے کہ قبائیلی عوام کی حیدرآباد منتقلی کیلئے خصوصی بسوں کا انتظام کریں۔ 18 ستمبر کو تمام ضلع ہیڈ کوارٹرس پر تہذیبی اور ثقافتی پروگراموں کا اہتمام کیا جائے گا اور مجاہدین آزادی اور فنکاروں کو تہنیت پیش کی جائے گی۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی نے پولیس عہدیداروں سے کہا کہ وہ ضلع عہدیداروں کے اشتراک سے ریالی کے انتظامات کو قطعیت دیں۔ انہوں نے کہا کہ 17 ستمبر کو این ٹی آر اسٹیڈیم میں جلسہ عام کے موقع پر آر ٹی سی بسوں کی کسی رکاوٹ کے بغیر آمدورفت کو یقینی بنایا جائے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ این ٹی آر گارڈن میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ اسٹیڈیم کے اطراف پارکنگ کے موثر انتظامات کی ہدایت دی گئی ہے۔ پیپلز پلازہ سے این ٹی آر اسٹیڈیم تک ریالی کا اہتمام کیا جائے گا۔ ویڈیو کانفرنس کے موقع پر اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل لاء اینڈ آرڈر جتیندر، سکریٹری جی اے ڈی شیشادری، سکریٹری پنچایت راج سندیپ کمار سلطانیہ، سکریٹری ٹیکسٹائیل بدھا پرکاش، کمشنر کالجیٹ ایجوکیشن نوین متل، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار، سکریٹری قبائیلی بہبود کرسٹینا چونگٹو، سکریٹری عمارات و شوارع سرینواس راجو، سکریٹری فینانس رونالڈ راس، اسپیشل سکریٹری قبائیلی بہبود سریدھر، کمشنر پنچایت راج ہنمنت راؤ، منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ٹی ایس آر ٹی سی) سجنار، کمشنر انٹر میڈیٹ ایجوکیشن عمر جلیل اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔ر