تلنگانہ لاک ڈاؤن میں آج سے صبح 6 تا شام 6 بجے تک نرمی

,

   

عبادت گاہیں بند رہیں گی، سرکاری دفاتر میں صد فیصد ملازمین کی حاضری، ضروری اشیاء کی سربراہی کی اجازت، سینما ہالس ، پارکس اور جم بند رہیں گے

حیدرآباد۔ تلنگانہ حکومت نے لاک ڈاؤن میں 19 جون تک توسیع کرتے ہوئے جمعرات سے نرمی کے اوقات میں اضافہ کا اعلان کیا ہے ۔ چیف سکریٹری سومیش کمار کے احکامات کے مطابق صبح 6 تا شام 6 بجے تک لاک ڈاؤن میں نرمی دی جائے گی جبکہ تجارتی اداروں کیلئے شام 5 بجے تک مہلت رہے گی۔ عوام کو مکانات واپسی کیلئے ایک گھنٹہ کی مہلت رہے گی ۔ حکومت نے 19 جون تک لاک ڈاؤن کے سلسلہ میں گائیڈ لائینس جاری کئے ہیں۔ آر ٹی سی ، سٹ ون ، حیدرآباد میٹرو ، ٹیکسی اور آٹو رکشا کے لئے صبح 6 تا شام 6 بجے تک اجازت رہے گی جبکہ ہیلت کیر ورکرس اور ایمرجنسی میڈیکل سرویسز کیلئے مسافرین کو سفر کی اجازت رہے گی ۔ تمام بین ریاستی بس سرویسز لاک ڈاؤن کے دوران بند رہیں گی۔ ایسے افراد جنہیں ہوم آئسولیشن کی ضرورت ہے ، انہیں خلاف ورزی کی صورت میں نہ صرف کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا بلکہ سرکاری آئیسولیشن سنٹر منتقل کیا جائے گا ۔ نرمی کے اوقات میں خانگی تجارتی ادارے اور دفاتر کو درکار اسٹاف کی تعداد کے ساتھ کھلا رکھنے کی اجازت رہے گی تاہم کووڈ قواعد پر پابندی کرنا ہوگا۔ شادی بیاہ کی تقاریب میں زیادہ سے زیادہ 40 افراد کی شرکت کی اجازت رہے گی جبکہ تدفین اور آخری رسومات میں 20 افراد شریک ہوپائیں گے۔ تمام مذہبی مقامات اور عبادت گاہوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ سماجی ، سیاسی ، مذہبی ، اسپورٹس ، تفریحی ، تعلیمی اور تہذیبی اجتماعات پر پابندی رہے گی۔ تمام آنگن واڑی سنٹرس بند رہیں گے، لاک ڈاؤن سے جن خدمات کو مستثنی رکھا گیا ہے ، ان میں میڈیکل سرویسز جیسے ہاسپٹلس ، ڈائگناسٹک سنٹرس ، ویکسینیشن سنٹرس اور دیگر مراکز شامل ہیں۔ زراعت اور اس سے مربوط سرگرمیوں کی اجازت رہے گی۔ میڈیکل شاپس اور فارمیسی کھلا رکھنے کی اجازت رہے گی۔ ادویات ، آکسیجن اور ویکسین کی منتقلی میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔ پٹرول پمپس کو صبح 6 تا شام 5 بجے کھلا رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ ضروری خدمات جیسے دودھ ، ترکاری ، اناج ، گوشت ، فش ، پولٹری اور ڈیری پراڈکٹس کے ٹرانسپورٹ اور سربراہی کی اجازت رہے گی ۔ غذا ، فارماسیوٹیکلس اور میڈیکل آلات کی ای کامرس ڈیلیوری کی اجازت رہے گی ۔ ایل پی جی سلینڈرس کی منتقلی ، تعمیری سرگرمیوں اور فارما انڈسٹری کی سرگرمیوں کو اجازت دی جائے گی ۔ ریسٹورینٹس میں ٹیک اوے سرویس بحال رکھی جاسکتی ہے ۔ سینما ہالس ، پارکس ، کلبس ، سوئمنگ پولس ، بارس ، پپس ، جمنازیم اور اسٹیڈیم مکمل طور پر بند رہیں گے ۔ ریاستی حکومت اور مرکزی حکومت کے دفاتر میں صد فیصد ملازمین کے ساتھ کام ہوگا۔ حکومت نے عوامی مقامات بشمول دکانات اور دفاتر میں ماسک کے استعمال کو لازمی قرار دیا ہے۔