مہاراشٹرا اور تلنگانہ کے کئی اضلاع میں پیاز کی پیداوار میں اضافہ
حیدرآباد۔14مارچ(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے بازاروں میں پیاز کی قیمتوں میں تیزی سے گراوٹ ریکارڈ کی جانے لگی ہے اور کہا جار ہاہے کہ پڑوسی ریاست مہاراشٹرا کے علاوہ تلنگانہ کے کئی اضلاع میں پیاز کی فصل اچھی ہونے کے سبب شہر حیدرآباد کے جن بازاروں میں ٹھوک فروخت کے لئے پیاز پہنچتی ہے اس کی قیمت میں معمولی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے لیکن یہ گراوٹ تیزی کے ساتھ ریکارڈ کی جانے لگی ہے ۔ مجموعی اعتبار سے شہر حیدرآباد کے کئی علاقو ںمیں 100 روپئے میں 5کیلو پیاز کی فروخت عمل میں لائی جار ہی ہے اور کہا جار ہاہے ریاست میں آئندہ ایک ماہ کے دوران پیاز کی قیمت میں مزید گراوٹ ریکارڈ کی جائے گی۔بیگم بازار ‘ بوئن پلی ‘ ملک پیٹ کے علاوہ عثمان گنج میں یومیہ مہاراشٹرا سے 150تا180 لاری پیاز پہنچ رہی ہے اور خریداروں کی تعداد میں گراوٹ ریکارڈ کی جانے لگی ہے جس کی بنیادی وجہ دریافت کرنے پر پیاز کے تاجرین نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ کے جن اضلاع بالخصوص محبوب نگر ‘ میدک اور رنگاریڈی میں پیاز کی پیداوار بہتر ہونے کے سبب مقامی پیاز جلد فروخت ہونے لگی ہے اور پڑوسی ریاست سے پہنچنے والی پیاز کی قیمت مقامی پیاز کی قیمت سے کچھ اضافی ہونے کے سبب فروخت میں دشواریاں ہونے لگی ہیں۔