تلنگانہ ماڈل اسکولس میں تقریبا 50 ہزار نشستیں مخلوعہ

   

حیدرآباد ۔ 15 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ریاست بھر میں مفت معیاری تعلیم فراہم کرنے کے مشن کے ساتھ ایک دہے قبل شروع کئے گئے تلنگانہ ماڈل اسکولس اب نشستوں کو پر کرنے کے سلسلہ میں جدوجہد کررہے ہیں کیوں کہ اس تعلیمی سال 50,718 نشستیں خالی رہنے کی اطلاعات ہیں ۔ فی الوقت 194 ماڈل اسکولس سکنڈری اسکول سرٹیفیکٹ ( ایس ایس سی ) کے تحت 6 تا 10 کلاسیس اور تلنگانہ بورڈ آف انٹر میڈیٹ کے تحت انٹر میڈیٹ کورسیس کی تعلیم فراہم کرتے ہیں ۔ کلاس 6 تا 12 میں دستیاب 1.59 لاکھ سیٹس میں صرف تقریبا 1.1 لاکھ طلبہ ہی نے انرولمنٹ کروایا ہے جو گذشتہ سال کے 1.3 لاکھ داخلوں کے مقابل بہت کم ہیں ۔ ذرائع نے کہا کہ اس کمی کی ایک بڑی وجہ انٹر میڈیٹ میں ایم ای سی اور سی ای سی اسٹریمس میں داخلوں میں کافی کمی ہے ۔ ایم ای سی اور سی ای سی کورسیس میں بالترتیب 7469 اور 1966 سیٹس خالی ہیں ۔ دیگر وجوہات میں سوشیل ویلفیر اسکولس کا کلاس 5 سے تعلیم فراہم کرنا شروع کرنا ہے جو ان کے لیے ترجیحی آپشن بن گیا ہے اور کئی ماڈل اسکولس کے الگ تھلگ مقامات اور پبلک ٹرانسپورٹ کا فقدان شامل ہیں ۔ تلنگانہ ماڈل اسکولس کے ایک عہدیدار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط کے ساتھ کہا کہ ایم ای سی اور سی ای سی اسٹریمس میں داخلوں میں کافی کمی ہوئی ہے کیونکہ زیادہ تر طلبہ ایم پی سی اور بی پی سی کو ترجیح دے رہے ہیں ۔