تلنگانہ محکمہ پولیس میں ٹیکہ اندازی کا آغاز

   

آئندہ چار دنوں میں 60 ہزار سے زیادہ ملازمین کا احاطہ

حیدرآباد۔ ریاست تلنگانہ میں ملازمین پولیس کیلئے کورونا ویکسین کی ٹیکہ اندازی کا آج سے باضابطہ آغاز عمل میں لایا گیا ہے ۔ ریاست بھر میں 60 ہزار سے زائد پولیس ملازمین کو آئندہ 4 دنوں کے دوران کورونا ویکسین دیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں ڈائرکٹر جنرل آف پولیس تلنگانہ ایم مہیندر ریڈی نے ویکسین پروگرام کا آغاز کیا اور تلک نگر کے پی ایچ سی سنٹر میں ویکسین لیا۔ طبی عملے کی نگرانی میں مہیندر ریڈی نے ویکسین لیا اور عملے کو تلقین کی کہ وہ لازمی طور پر اس ویکسین کو استعمال کریں۔ انہوں نے ویکسین کے متعلق خدشات اور شکوک و شبہات کو مسترد کردیا اورکہا کہ ویکسین مکمل طور پر فائدہ مند اور اطمینان بخش ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ویکسین صد فیصد محفوظ اور فائدہ بخش ہے لہذا ہر شہری کو اس کا استعمال کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کے بشمول تمام سطح کے ملازمین اور عہدیدار اس ویکسین کا استعمال کریں گے۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس نے لاک ڈاون کے دوران پولیس کی جانب سے عوامی خدمات کا تذکرہ کیا اور کہا کہ پولیس عوام کیلئے دستیاب رہی اور ہر مشکل وقت میں عوام کے درمیان رہتے ہوئے خدمات انجام دی گئیں۔ اس موقع پر مہیندر ریڈی نے طبی عملے کی خدمات کی زبردست ستائش کی اور کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران طبی عملہ کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پولیس ملازمین کی خدمات اور ڈیوٹی کی ضروریات کو دیکھتے ہوئے ویکسین ٹیکہ اندازی کے چار دنوں میں اضافہ کیا جائے گا۔