دیگر ریاستوں کی مہیلا کانگریس صدور کے ساتھ سنیتا راؤ کو بھی تہنیت پیش کی
حیدرآباد ۔ 5 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ مہیلا کانگریس کی صدر سنیتا راؤ کی کارکردگی کی آل انڈیا مہیلا کانگریس کی صدر الکالامبا نے ستائش کی ۔ مہیلا کانگریس کی جانب سے تلنگانہ حکومت کی اسکیمات اور بی سی تحفظات کی فراہمی کی ریاست بھر میں بڑے پیمانے پر تشہیر کرنے کی ہدایت دی ۔ کانگریس کی جانب سے دہلی میں منعقدہ بی سی تحفظات کے احتجاجی پروگرام میں سنیتا راؤ تلنگانہ کے تمام اضلاع سے 300 مہیلا کانگریس قائدین کے ساتھ دہلی پہونچی ۔ اس موقع پر ملک کی دیگر 7 ریاستوں کی مہیلا کانگریس صدور کے ساتھ سنیتا راؤ نے آل انڈیا مہیلا کانگریس کی صدر الکالامبا سے ملاقات کی ۔ تلنگانہ میں مہیلا کانگریس کمیٹی کی جانب سے حالیہ 6 ماہ کی کارکردگی پر مشتمل رپورٹ پیش کی ۔ دوسری ریاستوں کی مہیلا کانگریس کی صدور نے بھی اپنی اپنی رپورٹ پیش کی ۔ سنیتا راؤ نے تلنگانہ کانگریس حکومت کی جانب سے بی سی طبقات کو فراہم کئے گئے 42 فیصد تحفظات پر بھی الکالامبا کو تفصیلات سے واقف کرایا ۔ مرکزی حکومت کی جانب سے منظوری نہ دینے پر دہلی میں منعقد ہونے والے پروگرامس پر بھی روشنی ڈالی ۔ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر الکالامبا نے سنیتا راؤ کے علاوہ دیگر ریاستوں کی مہیلا کانگریس صدور کو تہنیت پیش کی ۔ تلنگانہ مہیلا کانگریس کی صدر سنیتا راؤ نے بتایا کہ کانگریس پارٹی بی سی طبقات کی ترقی فلاح و بہبود کے معاملے میں سنجیدہ ہے اور وعدے کے مطابق بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات فراہم کرنے کے لیے اسمبلی میں بل منظور بھی کیا گیا ہے مگر بی جے پی اس میں رکاوٹیں پیدا کررہی ہے ۔ مرکزی حکومت پر دباؤ بنانے کے لیے دہلی میں کانگریس کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے ۔۔ 2