تلنگانہ میونسپل ترمیمی بل اسمبلی میں منظور

   

بلدی اداروں کی بہتر کارکردگی میں مدد ملے گی، کے ٹی آر کا دعویٰ
حیدرآباد۔21۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں آج تلنگائنہ میونسپل ترمیمی بل 2019 ء کو متفقہ طور پر منظوری دے دی گئی ۔ وزیر بلدی نظم و سنق کے ٹی راما راؤ نے یہ بل پیش کیا تھا۔ کے ٹی آر نے بل میں شامل اہم نکات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا بلدی اداروں کی بہتر کارکردگی میں یہ قانون مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے مختلف شہروں میں بلدی اداروں کے سلسلہ میں 6 علحدہ قوانین پر عمل آوری کی جارہی ہے ۔ یہ قوانین کافی قدیم ہیں۔ موجودہ ضرورتوں کو دیکھتے ہوئے نیا قانون تیار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ شہری علاقوں میں مختلف بلز اور قوانین پر عمل آوری کے باوجود ان میں خامیوں کے نتیجہ میں مثبت نتائج برآ مد نہیں ہوئے۔ شہری ترقی کے امور میں سست رفتاری کو ختم کرنے کے لئے نیا قانون لایا گیا ہے ۔ میونسپالٹی ایکٹ 1965 ء تلنگانہ میونسپل ایکٹ 1994 ء ٹاؤن اینڈ کنٹری پلاننگ ایکٹ 1920 ء اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ایکٹ 1975 ، جی ایچ ایم سی ایکٹ 1955 ء ایچ ایم ڈی اے ایکٹ 2008 ء ۔ ان چھ قوانین اس وقت کی ضرورتوں کے مطابق تیار کیا گیا اور یہ موجودہ صورتحال میں ناقابل عمل ہوچکے ہیں۔ آبادی میں اضافہ ہوا ہے اور موجودہ عوامی ضرورتوں کو دیکھتے ہوئے چیف منسٹر نے 19 جولائی کو اسمبلی میں نیا میونسپل ایکٹ پیش کیا تھا۔ اس قانون کا مقصد ٹی ایس آئی ایس پروگرام جس طرح کامیابی سے ہمکنار کیا گیا، اسی طرح دیگر پروگراموں کو شفافیت کے ساتھ عمل آوری کی جائے گی۔ عوام کی شراکت کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ نئے میونسپل ایکٹ سے کرپشن کا خاتمہ ہوگا۔ تعمیرات کی اجازت اور دیگر امور کو شفاف طریقہ سے مربوط کیا جائے گا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نیا قانون عوام کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ قوانین پر موثر عمل آوری کو یقینی بنائے گا۔