پولیس کے وسیع تر انتظامات، 12 ہزار سے زائد امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ، کانگریس، بی آر ایس اور بی جے پی میں سہ رخی مقابلہ
حیدرآباد 10 فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ میں 7 میونسپل کارپوریشنوں اور 116 میونسپلٹیز کی 2996 نشستوں کیلئے کل 11 فروری رائے دہی مقرر ہے۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے رائے دہی کے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے ہیں اور آزادانہ اور منصفانہ رائے دہی یقینی بنانے کے لئے پولیس اور دیگر محکمہ جات کو چوکس کردیا گیا ہے۔ رائے دہی صبح 7 بجے شروع ہوگی اور شام 5 بجے جاری رہے گی۔ کارپوریشنوں اور میونسپلٹیز کے چناؤ میں 12930 امیدواروں کی قسمت کا رائے دہندے چہارشنبہ کو فیصلہ کریں گے۔ رائے شماری 13 فروری کو ہوگی اور اُسی دن نتائج کا اعلان کردیا جائے گا۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے 16 فروری کو میئر، ڈپٹی میئر، چیرپرسن اور ڈپٹی چیرپرسن کے الیکشن کی تاریخ مقرر کی ہے۔ اُسی دن کارپوریشن اور میونسپلٹیز کے اجلاس منعقد ہوں گے اور منتخب نمائندوں کی حلف برداری کے بعد میئر، ڈپٹی میئر، چیرپرسن، ڈپٹی چیرپرسن کا انتخاب ہوگا۔ بلدی انتخابات میں 14 وارڈس میں امیدواروں کا بلامقابلہ انتخاب عمل میں آیا ہے جن میں 12 کا تعلق کانگریس اور بی آر ایس کے 2 امیدوار ہیں۔ اِسی دوران اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے رائے دہی کے دوران ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل آوری کے لئے ضلع کلکٹرس کو ہدایات جاری کی ہیں۔ انتخابی مہم کے اختتام کے ساتھ ہی موبائیل فون اور سوشل میڈیا کے ذریعہ مہم پر امتناع عائد ہوچکا ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کی نشاندہی کرتے ہوئے سخت کارروائی کی ہدایت دی گئی۔ اسٹیٹ الیکشن کمشنر رانی کمودنی نے ضلع کلکٹرس کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا اور رائے دہی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ 7 کارپوریشنوں کے 414 ڈیویژنس اور 116 میونسپلٹیز کے 2582 وارڈس میں رائے دہی کی نگرانی کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ الیکشن کمیشن نے پولنگ اسٹیشنوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت دی ہے۔ ویڈیو کانفرنس میں حساس علاقوں کے پولنگ بوتھس میں اضافی فورس کی تعیناتی اور ویڈیو گرافی کی ہدایت دی گئی ہے۔ ریاست میں جملہ 8203 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ رائے دہی بیالٹ پیپر کے ذریعہ ہوگی اور الیکشن کمیشن نے 16031 بیالٹ باکسیس تیار کئے ہیں۔ رانی کمودنی نے ضلع کلکٹرس اور ریٹرننگ آفیسرس کے علاوہ الیکشن مبصرین کو بھی رائے دہی کے موقع پر چوکسی کا مشورہ دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ رائے دہندوں کو لبھانے کے لئے امیدواروں یا اُن کے حامیوں کی جانب سے دولت، شراب یا دیگر اشیاء کی تقسیم پر کڑی نظر رکھی جائے۔ موبائیل ٹیموں کے ذریعہ رائے دہی پر نظر رکھی جائے گی اور پولنگ اسٹیشنوں کے اطراف امتناعی احکامات نافذ کئے گئے ہیں اور غیر متعلقہ افراد کو پولنگ بوتھس میں داخلہ کی اجازت نہیں رہے گی۔ اِسی دوران اہم سیاسی پارٹیوں کانگریس، بی آر ایس اور بی جے پی نے پولنگ ایجنٹس کی فہرست ریٹرننگ اور پریسائیڈنگ آفیسرس کے حوالہ کردی ہے۔ بیشتر اضلاع میں کانگریس اور بی آر ایس کے درمیان راست مقابلہ ہے اور بی جے پی بھی بہتر مظاہرہ کے بارے میں پُرامید ہے۔ کئی علاقائی پارٹیوں نے بھی الیکشن میں اپنی طاقت آزمانے کی کوشش کی ہے۔1
صنعتی اور تجارتی اداروں کے ملازمین کیلئے آج بااُجرت تعطیل
رائے دہی میں حصہ لینے سرکاری ملازمین کو خصوصی رخصت اتفاقی
حیدرآباد 10 فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے مجالس مقامی انتخابات کی رائے دہی کے دن 11 فروری کو صنعتی اور تجارتی اداروں کے ملازمین کے لئے بااُجرت تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ اسپیشل چیف سکریٹری لیبر اینڈ ایمپلائمنٹ دانا کشور نے جی او آر ٹی 14 جاری کیا جس کے تحت تلنگانہ فیاکٹریز اینڈ اسٹابلشمنٹ ایکٹ 1974 اور تلنگانہ شاپس اینڈ اسٹابلشمنٹ ایکٹ 1988 کے تحت بااُجرت تعطیل کا اعلان کیا گیا۔ 116 میونسپلٹیز اور 7 میونسپل کارپوریشنوں کے لئے کل 11 فروری کو رائے دہی ہوگی۔ اِن میونسپلٹیز اور کارپوریشنوں کے حدود میں واقع فیاکٹریز، شاپ اینڈ اسٹابلشمنٹ، صنعتی اداروں کے ملازمین کو بااُجرت تعطیل رہے گی۔ کمشنر لیبر اور ڈائرکٹر فیاکٹریز کو اِس سلسلہ میں ضروری کارروائی کی ہدایت دی گئی ہے۔ اِسی دوران اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے ضلع کلکٹرس اور ڈسٹرکٹ الیکشن اتھاریٹیز کو ہدایت دی ہے کہ تلنگانہ حکومت کے ایسے تمام ملازمین جو بلدی انتخابات میں رائے دہندے کی حیثیت سے درج ہیں، اُنھیں رائے دہی کے دن خصوصی رخصت اتفاقی منظور کی جائے۔ تلنگانہ کے 7 میونسپل کارپوریشنس اور 116 میونسپلٹیز میں کل ووٹنگ ہوگی۔ 1