علیحدہ ریاست میں سرکاری احکام کی ویب پورٹل پر اجرائی سے مسلسل گریز کی شکایت
حیدرآباد۔28فروری(سیاست نیوز) تلنگانہ میں شفاف حکمرانی کیلئے حکومت کی جانب سے متعدد مرتبہ سرکاری فیصلوں اور احکامات کو پورٹل کے ذریعہ عوام تک پہنچانے کے اقدامات کا دعویٰ کیا جاتا رہا ہے اور تلنگانہ کی تشکیل کے بعد سے مسلسل وزیر آئی ٹی مسٹر کے ٹی راما راؤ اس سلسلہ میں اعلانات کرتے رہے ہیں کہ تمام محکمہ جات اور شعبہ جات کی کارکردگی سے حکومت عوام کو واقف کرواتی رہے گی لیکن تشکیل تلنگانہ سے قبل جو سرکاری احکامات جاری کئے جاتے تھے وہ حکومت کے ویب پورٹل کے ذریعہ اپ لوڈ کرتے ہوئے عوام تک پہنچانے میں تاخیر نہیں کی جاتی تھی لیکن تشکیل تلنگانہ کے بعد سے مسلسل یہ شکایات ہیں کہ مختلف محکمہ جات کے جی او کو ویب پورٹل پر اپ لوڈ نہیں کیا جا رہاہے اور نہ سرکاری احکام تک عوام کی رسائی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ حکومت نے اپنی کارکردگی اور شفافیت کو یقینی بنانے جو اقدامات کا اعلان کیا تھا ان پر عمل آوری تو نہیں کی گئی لیکن اس کے برعکس ریاست میں جی او کی اجرائی کے ساتھ ہی آن لائن اپ لوڈ کرنے کے عمل کو بند کردیا گیا۔ حکومت کی کارکردگی اور شفافیت پر نظر رکھنے والی تنظیموں اور اداروں سے متعدد مرتبہ حکومت کو متوجہ کروایا جاتا رہا ہے اور سرکاری احکام کو پورٹل کے ذریعہ عوام تک پہنچانے کے عمل کا احیاء کرنے نمائندگیاں کی جاتی رہی ہیں لیکن حکومت کی جانب سے جی او کی اجرائی کے بعد انہیں ویب پورٹل کے ذریعہ عوام تک پہنچانے میں کوتاہی کی جا رہی ہے جو حکومت کی کارکردگی کے متعلق شبہات پیدا کرنے کا سبب ہے۔ حکومت کو متوجہ کروانے والے جہدکاروں کا کہنا ہے کہ حکومت سے جی او اپ لوڈ نہ کئے جانے کے سبب سرکاری فیصلوں اور اقدامات سے عوام واقف نہیں ہوپا رہے ہیں ۔ سرکاری محکموں کے عہدیداروں کا کہناہے کہ محکمہ جی اے ڈی کی ذمہ داری ہے کہ وہ جی او کو ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرے ۔ جی او جو حساس نوعیت کے ہوتے ہیں ان کو عوامی فورم یا پورٹل پر نہیں ڈالا جاتا تھا لیکن تشکیل تلنگانہ کے بعد سے کبھی کبھی جی او ویب سائٹ پر ڈالے جانے لگے ہیں جبکہ تمام جی اوز ڈالنے کی روایت کو مکمل طور پر ختم کردیا گیا ہے۔م