تلنگانہ میںکورونا کی حقیقی صورتحال کی پردہ پوشی،کانگریس قائد نارائن ریڈی کا الزام

   

حیدرآباد ۔20۔ مئی(سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر حکومت تلنگانہ میں کور ونا وائرس کی حقیقی صورتحال کی پردہ پوشی کر رہی ہے ۔ بڑے پیمانہ پر ٹسٹ منعقد کرنے سے انکار کرتے ہوئے حکومت متاثرین کی حقیقی تعداد کو چھپانا چاہتی ہے ۔ مرکزی حکومت اور طبی اداروں میں تلنگانہ حکومت کے رویہ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ پی سی سی کے خازن جی نارائن ریڈی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو ماہ سے کانگریس مطالبہ کر رہی ہے کہ ریاست میں کورونا ٹسٹ کی تعداد بڑھائی جائے۔ ورلڈ ہیلت آرگنائزیشن اور انڈین کونسل فار میڈیکل ریسرچ نے معائنوں کے سلسلہ میں جو رہنمایانہ خطوط جاری کئے ، ان کی خلاف ورز ی کی جارہی ہے ۔ کنٹینمنٹ علاقوں میں 60 سال سے زائد عمر کے افراد اور 10 سال سے کم عمر کے بچوں کا لازمی طور پر کورونا ٹسٹ کیا جانا چاہئے تاکہ حقیقی تعداد کا علم ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا ٹسٹ کے نام پر عوام کو دھوکہ دے رہی ہے۔ حکومت کی اس غلطی کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑے گا ۔ تلنگانہ اوسطاً صرف 546 کورونا ٹسٹ کئے جارہے ہیں جو قومی سطح پر کئے جانے والے ٹسٹ کے مقابلہ 50 فیصد ہیں۔ تلنگانہ ہر شعبہ میں آگے ہے تو پھر کورونا ٹسٹ کے معاملہ میں پیچھے کیوں؟ انہوں نے کہا کہ حقیقی صورتحال کو دنیا سے چھپانے کیلئے حکومت عوام کو دھوکہ دے رہی ہے۔ ٹسٹ کی تعداد میں اضافہ کے لئے مرکز نے دو مرتبہ چیف سکریٹری کو مکتوب روانہ کیا تھا لیکن ریاست کے رویہ میں کوئی تبدیلی نہیں ہے۔ نارائن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں اگر وائرس مزید شدت اختیار کرتا ہے تو اس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔